سرمایہ کاری اور بچت کرنے والے افراد کے لیے خوشخبری ہے کہ رواں ماہ 40 ہزار روپے مالیت کے پرائز بانڈ کی قرعہ اندازی ہونے جا رہی ہے، جس میں خوش نصیب افراد کروڑوں روپے کے انعامات جیت سکتے ہیں۔
سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز کے شیڈول کے مطابق 40 ہزار روپے مالیت کے پریمیم پرائز بانڈ کی قرعہ اندازی 10 جون 2026 کو مظفرآباد میں منعقد ہوگی۔ اس قرعہ اندازی میں مجموعی طور پر 664 انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔
قرعہ اندازی کا پہلا انعام 8 کروڑ روپے مقرر کیا گیا ہےجو ایک خوش نصیب سرمایہ کار کو دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ تین افراد کو 3،3 کروڑ روپے کے دوسرے انعامات ملیں گےجبکہ 660 خوش نصیب افراد 5 لاکھ روپے فی کس جیتنے میں کامیاب ہوں گے۔
ماہرین کے مطابق پریمیم پرائز بانڈز سرمایہ کاری کا ایک منفرد ذریعہ ہیں جہاں سرمایہ کار نہ صرف قرعہ اندازی میں حصہ لیتے ہیں بلکہ حکومت کی جانب سے مقررہ شرح کے مطابق منافع بھی حاصل کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ حالیہ برسوں میں پریمیم پرائز بانڈز میں سرمایہ کاری کا رجحان بڑھا ہے۔
پریمیم پرائز بانڈز عام پرائز بانڈز سے مختلف ہوتے ہیں کیونکہ یہ رجسٹرڈ سرمایہ کار کے نام پر جاری کیے جاتے ہیں جس سے ملکیت اور ادائیگی کا نظام مزید شفاف ہو جاتا ہے۔ سرمایہ کاروں کو چھ ماہ بعد منافع بھی دیا جاتا ہے جبکہ وہ انعامی قرعہ اندازی میں شرکت کے اہل بھی رہتے ہیں۔
نیشنل سیونگز حکام کے مطابق قرعہ اندازی کے نتائج 10 جون کو جاری کیے جائیں گے، جس کے بعد کامیاب بانڈ نمبرز کی فہرست دستیاب ہوگی۔ اس موقع پر ہزاروں سرمایہ کاروں کی نظریں قرعہ اندازی پر مرکوز ہیں، کیونکہ ایک خوش نصیب شخص 8 کروڑ روپے کے خطیر انعام کا حقدار قرار پائے گا۔