ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے خبردار کیا ہے کہ اگر لبنان پر حملے بند نہ ہوئے تو امریکا کے ساتھ مذاکرات روک دیں گے۔
ایران کے اسپیکر اور چیف مذاکرات کار باقر قالیباف نے لبنانی ہم منصب نبی بیری سے رابطہ کیا ہے اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو بھی کی۔
ٹیلیفونک رابطے کے دوران انہوں نے لبنانی ہم منصب کو یقین دلایا کہ ایران خطے میں کسی بھی قسم کی جارحیت کے خلاف لبنان کی حکومت اور عوام کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔
قالیباف نے اس بات پر بھی خصوصی زور دیا کہ مشرقِ وسطیٰ کی اس نازک اور کشیدہ صورتحال میں خطے کے تمام ممالک کو آپس میں مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں باقر قالیباف نے مزاحمت پائندہ باد اور وطن کا دفاع پائندہ باد لکھا ، انہوں نے ایرانیوں و لبنانی عوام کی بھائی چارے پر پائندہ باد بھی لکھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ایرانی چیف مذاکرات کار اور اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا تھا کہ بحری ناکہ بندی اور لبنان میں جنگی جرائم میں اضافہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ امریکا جنگ بندی کے تقاضوں پر عمل نہیں کر رہا، ہر فیصلے اور ہر انتخاب کی ایک قیمت ہوتی ہے اور بالآخر اس کی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے۔
واضح رہے کہ یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی اور سیاسی دباؤ میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور مختلف فریقین کی جانب سے سفارتی رابطوں میں تیزی آئی ہے ۔