پاکستانی اداکار حمزہ حبیب نے سالگرہ کے موقع پر اہلیہ اور اداکارہ مومنہ اقبال کی جانب سے ملنے والی محبت اور نیک خواہشات پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے دل چھو لینے والا پیغام شیئر کیا ہے۔
حمزہ حبیب نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مومنہ اقبال کے نام پیغام میں لکھا، ’’میری پیاری بیوی، میری سالگرہ کو مزید یادگار بنانے کے لیے آپ کا بے حد شکریہ۔ آپ ہر روز مجھے ایک بار پھر اپنے پیار میں مبتلا کر دیتی ہیں۔‘
اداکار کی اس پوسٹ پر مومنہ اقبال نے بھی محبت بھرے انداز میں ردِعمل دیا۔ انہوں نے یہ پوسٹ اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے لکھا، (میں آپ سے محبت کرتی ہوں)۔دونوں فنکاروں کے درمیان محبت بھرے پیغامات کو مداحوں نے بھی خوب سراہا اور سوشل میڈیا پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ مومنہ اقبال اور حمزہ حبیب مئی 2026 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔ ان کی شادی کی تقریبات، جن میں دعائے خیر، مایوں، مہندی اور بارات شامل تھیں، سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئی تھیں۔
دوسری جانب مومنہ اقبال ان دنوں مبینہ آن لائن ہراسانی اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے معاملے پر مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ کے خلاف قانونی کارروائی کر رہی ہیں۔
مومنہ اقبال نے اپنے کیریئر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا، جس کے بعد انہوں نے ڈرامہ انڈسٹری میں قدم رکھا۔ 2018 میں مرکزی کردار کے ذریعے انہوں نے بطور اداکارہ اپنی پہچان مزید مضبوط بنائی۔