پرتگال کی قومی فٹبال ٹیم کے نئے کوچ جارج جیزس نے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے مستقبل سے متعلق اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ دستیاب ہوئے تو انہیں قومی ٹیم میں شامل کرنا پسند کریں گے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پرتگال فٹبال فیڈریشن نے جارج جیزس کو قومی ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔ اپنے پہلے اہم بیان میں انہوں نے کہا کہ رونالڈو کبھی بھی ٹیم کے لیے مسئلہ نہیں بنیں گے اور جب تک وہ فٹ اور قومی ٹیم کی نمائندگی کے اہل ہیں، ان کے انتخاب پر ضرور غور کیا جائے گا۔
جارج جیزس نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، “جب تک رونالڈو کھیل رہے ہیں اور ان کی فٹنس قومی ٹیم کے معیار پر پوری اترتی ہے میں انہیں ان حدود اور شرائط کے تحت ضرور منتخب کروں گا جو ٹیم کے بہترین مفاد میں ہوں گی۔”
انہوں نے بتایا کہ ابھی تک ان کی رونالڈو سے بات نہیں ہوئی تاہم وہ جلد ان سے ملاقات کر کے قومی ٹیم میں ان کے مستقبل پر تفصیلی گفتگو کریں گے۔
نئے کوچ نے کہا کہ “رونالڈو پرتگال کی قومی ٹیم کی علامت ہیں اور ان کا نام ہمیشہ فٹبال کی تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔ گزشتہ سال ان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا، وہ ایک پیشہ ور اور تعاون کرنے والے کھلاڑی ہیں۔”
یاد رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 سے پرتگال کی ٹیم کے باہر ہونے کے بعد کرسٹیانو رونالڈو نے ابھی تک یہ اعلان نہیں کیا کہ وہ قومی ٹیم کی نمائندگی جاری رکھیں گے یا بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ اختیار کریں گے، جس کے باعث ان کے مستقبل سے متعلق قیاس آرائیاں جاری ہیں۔