بجلی بل پر کیو آر کوڈ کی آڑ میں صارفین کی معلومات چوری ہونے کا خدشہ

بجلی بل پر کیو آر کوڈ کی آڑ میں صارفین کی معلومات چوری ہونے کا خدشہ

پاور ڈویژن نے بجلی بل پر کیو آر کوڈ کی آڑ میں صارفین کی معلومات چوری ہونے کے خدشے کے پیش نظر ایڈوائزری جاری کردی ہے۔

ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق صارفین کو ایک خاص لنک پر کلک کرکے 4 مراحل میں معلومات شیئر کرنے کا کہا جاتا ہے۔ معلومات درج کرنے کے بعد صارفین سے اسی لنک پر 6 ہندسوں والا کوڈ درج کرنے کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ بعض عناصر کیو آر کوڈ استعمال کرکے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق بل کے علاوہ متعلقہ معلومات کسی اور پلیٹ فارم پر درج نہیں ہوسکتیں، اس لیے معلومات کے اندراج کا یہ طریقہ کار غلط اور غیرقانونی ہے۔

پاور ڈویژن کے ترجمان نے مزید بتایا کہ جرائم پیشہ عناصر کے بارے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آگاہ کردیا گیا ہے۔ ترجمان نے بجلی صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ سبسڈی کے لیے کسی ڈیجیٹل پلیٹ فارم یا کاغذ پر اپنی معلومات درج نہ کریں۔

یہ بھی پڑھیں: بجلی سبسڈی سکیم کیلئے رجسٹریشن کا طریقہ کار سامنے آگیا

Related Articles