بھارتی گلوکار اریجیت سنگھ نے متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں منعقدہ اپنے حالیہ لائیو کنسرٹ کے دوران پاکستانی گلوکاروں عاطف اسلم اور شفقت امانت علی کے لیے محبت اور احترام کا اظہار کرکے مداحوں کے دل جیت لیے۔
کنسرٹ کے دوران اریجیت سنگھ نے عاطف اسلم کا مقبول گانا ’’پہلی نظر میں‘‘ پیش کیا، جسے حاضرین نے بھرپور انداز میں سراہا۔ گانے کے دوران انہوں نے سامعین سے سوال کیا کہ آیا بھارت میں اب بھی پاکستانی گانوں کی پلے بیک پر پابندی برقرار ہے یا نہیں۔
اریجیت سنگھ نے کہا کہ وہ خبروں کو زیادہ فالو نہیں کرتے، تاہم اس معاملے کے بارے میں جاننے کے خواہش مند تھے۔ حاضرین کی جانب سے جواب ملنے پر انہوں نے افسوس کا اظہار کیا اور ہاتھ بلند کرکے اپنی مایوسی کا اظہار کیا۔
بعد ازاں انہوں نے پاکستانی فنکاروں کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا، ’’عاطف اسلم میرے پسندیدہ گلوکاروں میں سے ایک ہیں، جبکہ شفقت امانت علی بھی بے مثال گلوکار ہیں۔‘‘
بھارتی گلوکار کے اس مثبت اور دوستانہ رویے کو پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے خوب سراہا۔ مختلف پلیٹ فارمز پر مداحوں نے اریجیت سنگھ کے لیے محبت بھرے پیغامات شیئر کیے اور کہا کہ وہ بھی ان کی موسیقی کو بے حد پسند کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ اریجیت سنگھ اور عاطف اسلم جنوبی ایشیا کے مقبول ترین گلوکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔ دونوں فنکار گزشتہ دو دہائیوں کے دوران متعدد سپر ہٹ گانے پیش کرچکے ہیں اور دنیا بھر میں لاکھوں مداح رکھتے ہیں۔