یورپی یونین کی خارجہ امور اور سلامتی پالیسی کی اعلیٰ نمائندہ اور یورپی کمیشن کی نائب صدر کاجا کالاس پیر یکم جون کو ایک اعلیٰ سطحی سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گی، جہاں وہ آٹھویں یورپی یونین پاکستان اسٹریٹجک مذاکرات میں شرکت کریں گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان اور یورپی یونین سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں، یہ اعلیٰ سطحی آمد دونوں فریقین کے درمیان بڑھتے ہوئے سفارتی تعلقات اور روابط کی عکاسی کرتی ہے۔
دورے کے دوران کاجا کالاس کی ملاقاتیں صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے متوقع ہیں، ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔
آٹھویں یورپی یونین پاکستان اسٹریٹجک مذاکرات کی مشترکہ صدارت کاجا کالاس اور پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گےسفارتی ذرائع کے مطابق یہ مذاکرات 2019 میں طے پانے والے اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان کے تحت دونوں فریقین کے تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے اور مستقبل کے تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے کے لیے اہم پلیٹ فارم ہیں۔
مذاکرات میں تجارت و سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، ہجرت، سیکیورٹی تعاون، انسانی حقوق، رابطہ کاری کے منصوبوں اور خطے کی بدلتی ہوئی جغرافیائی صورتحال جیسے اہم امور زیر غور آئیں گے۔
برسلز کو پاکستان کے بڑے تجارتی شراکت داروں میں شمار کیا جاتا ہے اور یہ ملک کی معاشی ترقی اور اصلاحاتی ایجنڈے میں اہم کردار ادا کرتا ہے،مذاکرات کے اختتام پر مشترکہ پریس کانفرنس متوقع ہے جس میں دونوں جانب سے نتائج اور آئندہ تعاون کے حوالے سے تفصیلات پیش کی جائیں گی۔