بجٹ سے پہلے حکومت اور ملازمین میں ٹھن گئی، حکومت مخالف بڑا اعلان

بجٹ سے پہلے حکومت اور ملازمین میں ٹھن گئی، حکومت مخالف بڑا اعلان

وفاقی بجٹ کی پیشی سے قبل ہی حکومت اور سرکاری ملازمین کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔ ایک جانب حکومت نئے مالی سال کے بجٹ میں ملازمین اور پنشنرز کو مہنگائی کے تناسب سے ریلیف دینے پر غور کر رہی ہے جبکہ دوسری جانب سرکاری ملازمین کی نمائندہ تنظیموں نے تنخواہوں اور پنشن میں نمایاں اضافے سمیت اپنے مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں ملک گیر احتجاج اور دھرنوں کا اعلان کر دیا ہے۔

آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس (اگیگا) نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ 10 مارچ 2025 کو ہونے والے معاہدے پر فوری عملدرآمد کیا جائے۔ تنظیم کا مؤقف ہے کہ مسلسل بڑھتی مہنگائی، بجلی، گیس اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے نے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کی زندگی شدید متاثر کر دی ہے، اس لیے معمولی ریلیف مسائل کا حل نہیں ہو سکتا۔

اگیگا کی جانب سے تنخواہوں اور پنشن میں 100 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا گیا ہے جبکہ کم از کم اجرت 50 ہزار روپے ماہانہ مقرر کرنے اور پنشنرز کے لیے بھی کم از کم پنشن 50 ہزار روپے مقرر کرنے کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ مختلف محکموں میں تنخواہوں کے فرق کو ختم کرنے کے لیے 30 فیصد خصوصی الاؤنس بھی دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں:بجٹ سے قبل بڑی خبر ، چینی، گھی، چائے اور دودھ پر ٹیکس برقرار،کون سی اشیاء پر کتنا ٹیکس ،تفصیلات آگئیں

تنظیم کے ترجمان کے مطابق اگر چارٹر آف ڈیمانڈز کو بجٹ میں شامل نہ کیا گیا تو بجٹ سے ایک روز قبل وزارت خزانہ کے باہر احتجاج کیا جائے گا جبکہ بجٹ کے دن پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔ ملازمین نے خبردار کیا ہے کہ مطالبات نظر انداز ہونے کی صورت میں احتجاج کا دائرہ ملک بھر تک وسیع کیا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ کی تیاری کے دوران ملازمین اور پنشنرز کے لیے ریلیف پیکج پر غور جاری ہے تاہم مالیاتی وسائل اور آئی ایم ایف پروگرام کی شرائط کے باعث حکومت کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ مالی سال 2026-27 کا وفاقی بجٹ 5 جون کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، جبکہ ایک روز قبل 4 جون کو اقتصادی سروے جاری کیا جائے گا۔ ایسے میں سرکاری ملازمین کے احتجاجی اعلان نے بجٹ سے قبل سیاسی اور معاشی ماحول کو مزید گرم کر دیا ہے۔

editor

Related Articles