نظامِ شمسی میں موجود سیارہ مشتری کا چاند ’’آئیو‘‘سائنس دانوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، کیونکہ اسے نظامِ شمسی کا سب سے زیادہ آتش فشانی سرگرمیوں والا چاند قرار دیا جاتا ہے۔
ماہرین فلکیات کے مطابق آئیو، مشتری کے چار بڑے گیلیلیائی چاندوں میں سب سے اندرونی چاند ہے اور اس کی سطح سینکڑوں فعال آتش فشاں پہاڑوں سے ڈھکی ہوئی ہے۔
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ آئیو پر بعض آتش فشاں اتنے طاقتور ہیں کہ ان سے خارج ہونے والی گیس اور سلفر کے بادل سینکڑوں میل بلند فضا تک پہنچ جاتے ہیں، جو اسے نظامِ شمسی کے دیگر چاندوں اور سیاروں سے منفرد بناتے ہیں۔
آئیو کی شدید آتش فشانی سرگرمی کی بنیادی وجہ مشتری کی طاقتور کششِ ثقل ہے۔ مشتری اور اس کے دیگر چاندوں کے درمیان کشش کے اثرات آئیو کے اندر مسلسل حرارت پیدا کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں اس کے اندر موجود پگھلا ہوا مادہ سطح پر آتش فشانی شکل میں نمودار ہوتا رہتا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہی عمل آئیو کی سطح کو مسلسل تبدیل کرتا رہتا ہے، جس کے باعث اس پر شہابی گڑھے بہت کم نظر آتے ہیں کیونکہ نئی آتش فشانی تہیں پرانی سطح کو ڈھانپ دیتی ہیں۔
خلائی تحقیق سے حاصل ہونے والی تصاویر میں آئیو کی سطح زرد، نارنجی، سرخ اور سیاہ رنگوں سے مزین دکھائی دیتی ہے، جو بنیادی طور پر سلفر اور آتش فشانی مواد کی مختلف اقسام کی وجہ سے بنتے ہیں۔
سائنس دانوں کا خیال ہے کہ آئیو کا مطالعہ نہ صرف آتش فشانی عمل کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے بلکہ یہ دیگر سیاروں اور چاندوں کی اندرونی ساخت کے بارے میں بھی اہم معلومات فراہم کر سکتا ہے۔