ناسا کا خطرناک انکشاف، میکسیکو سٹی آہستہ آہستہ زمین میں غائب ہونے لگا

ناسا کا خطرناک انکشاف، میکسیکو سٹی آہستہ آہستہ زمین میں غائب ہونے لگا

امریکی خلائی ادارے ناسا نے انکشاف کیا ہے کہ میکسیکو سٹی دنیا کے تیزی سے دھنسنے والے شہروں میں شامل ہو چکا ہے، جہاں زمین مسلسل نیچے جا رہی ہے اور تقریباً 2 کروڑ افراد اس خاموش خطرے کی زد میں ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ناسا اور بھارتی خلائی تحقیقاتی ادارے اسرو کے مشترکہ سیٹلائٹ ’نِسار‘ (NISAR) نے خلا سے حاصل کی گئی نئی تصاویر اور ڈیٹا کے ذریعے اس خطرناک صورتحال کی تصدیق کی ہے۔ جدید ریڈار ٹیکنالوجی سے لیس یہ سیٹلائٹ اکتوبر 2025 سے جنوری 2026 کے دوران میکسیکو سٹی کی زمین میں ہونے والی تبدیلیوں کا انتہائی باریک بینی سے جائزہ لینے میں کامیاب رہا۔

یہ بھی پڑھیں :چاند پر پراسرار حرکت؟ ناسا کے آرٹیمس II مشن نے سب کو حیران کر دیا

ناسا کی جانب سے جاری کردہ نقشے میں شہر کے مختلف علاقوں میں زمین کے دھنسنے کی رفتار واضح کی گئی ہے۔ بعض علاقوں میں زمین ماہانہ 2 سینٹی میٹر سے زیادہ نیچے جا رہی ہے، جبکہ کچھ مقامات پر سالانہ 50 سینٹی میٹر تک دھنساؤ ریکارڈ کیا گیا۔

ماہرین کے مطابق میکسیکو سٹی قدیم جھیل ’لیک ٹیکسکوکو‘کی نرم مٹی اور خشک جھیل کے فرش پر آباد ہے۔ شہر میں بڑھتی آبادی، بلند عمارتوں کا وزن اور زیر زمین پانی کے بے دریغ استعمال نے زمین کو کمزور اور دبا دیا ہے، جس کے باعث یہ مسلسل بیٹھ رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :خلا میں پانی کی بڑی مقدار، سائنس کی دنیا میں ہلچل

ناسا نے خاص طور پر بینیتو خواریز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے علاقے کو تشویشناک قرار دیا ہے، کیونکہ یہ مقام بھی تیزی سے دھنسنے والے حصے میں واقع ہے۔ اس صورتحال سے سڑکوں، عمارتوں، ریلوے لائنوں اور میٹرو سسٹم کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :اوورویو ایفیکٹ کیا ہے؟ سائنسدانوں کا حیران کن انکشاف

ماہرین کا کہنا ہے کہ سب سے بڑا مسئلہ ’غیر مساوی دھنساؤ‘ ہے، یعنی شہر کے مختلف حصے ایک ہی رفتار سے نیچے نہیں جا رہے۔ اس وجہ سے عمارتوں اور انفراسٹرکچر کی بنیادیں کمزور ہو رہی ہیں اور کسی بھی وقت بڑے نقصان کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ میکسیکو سٹی کے دھنسنے کا مسئلہ پہلی بار 1925 میں انجینئر رابرٹو گیول نے نوٹ کیا تھا، مگر اب جدید سیٹلائٹ ٹیکنالوجی نے اس خطرے کی شدت کو پوری دنیا کے سامنے واضح کر دیا ہے۔

editor

Related Articles