پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔
قذافی اسٹیڈیم، لاہور میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ مہمان ٹیم نے مشکل اسپن وکٹ پر کھیلتے ہوئے 157 رنز اسکور کیے۔ کپتان جوش انگلس نے سب سے زیادہ 65 رنز بنائے، جبکہ مارنس لبوشین اور ایلکس کیری نے 19، 19 رنز اور ایڈم زیمپا نے 10 رنز بنائے۔
پاکستانی بولرز نے آسٹریلوی بلے بازوں کو قابو کرتے ہوئے مہمان ٹیم کی بیٹنگ لائن کو 157 رنز پر محدود کر دیا۔ شاہین آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاداب خان اور ابرار احمد نے دو، دو اور حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنر صاحبزادہ فرحان صرف 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، تاہم معاذ صداقت نے تیز رفتار 27 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔ مشکل وکٹ کے باعث پاکستانی بیٹرز کے لیے کھیلنا دشوار ہو گیا، اور 41 رنز پر دونوں اوپنرز آؤٹ ہوگئے۔ نوجوان غازی غوری 8 رنز بنا کر 60 کے مجموعے پر پویلین واپس لوٹے۔
چوتھی وکٹ پر سلمان علی آغا اور بابر اعظم نے 33 رنز کی شراکت قائم کی، تاہم 93 کے مجموعے پر سلمان کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹیم پر دباؤ محسوس ہوا۔ پانچویں وکٹ پر بابر اعظم اور عرفات منہاس نے 19 رنز کی شراکت بنائی، لیکن 112 کے مجموعے پر بابر اعظم 40 رنز کی اننگز کھیل کر بولڈ ہوگئے جبکہ عرفات منہاس بھی آؤٹ ہوئے۔
میچ کے فیصلہ کن لمحات میں شاداب خان اور عبدالصمد نے ساتویں وکٹ پر ناقابل شکست 49 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، جس کی بدولت پاکستان نے 42 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز کا ہدف حاصل کر کے فتح حاصل کی۔ شاداب 29 اور عبدالصمد 18 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
ٹاس کے موقع پر قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف مزید اچھی بولنگ کی ضرورت ہوگی اور اسپینرز سے وکٹ پر مدد ملے گی، جبکہ بارش کے اثرات محدود رہیں گے۔