بارشوں کا سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کردی

بارشوں کا سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کردی

محکمہ موسمیات نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں خراب موسم کے پیش نظر موسمیاتی الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ خیبر پختونخوا کے متعدد علاقوں میں بھی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف مقامات پر بھی بارش متوقع ہے۔

ادارے کے مطابق بعض علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں کمزور عمارتوں، بجلی کی تنصیبات، درختوں اور دیگر ڈھانچوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ موجود ہے، شہریوں کو خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

الرٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ شمالی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی سطح پر سیلابی صورتحال پیدا ہونے کے امکانات ہیں،ان حالات کے باعث کئی رابطہ سڑکیں متاثر ہو سکتی ہیں جبکہ بعض مقامات پر ٹریفک کی روانی بھی معطل ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :محکمہ موسمیات نے جون 2026 کے لیے موسمی صورتحال کا جائزہ جاری کردیا

ادارے کے مطابق ہنزہ، نگر، گلگت، چلاس اور استور میں لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ موجود ہے، اس کے علاوہ شگر، چترال، کالام اور اپر کوہستان کے مختلف علاقوں میں بھی پہاڑی تودے گرنے کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ شمشال ویلی، عطاآباد جھیل اور کریم آباد کے درمیان رابطہ سڑکوں کو حساس قرار دیا گیا ہے، جبکہ گل میت، ششکت بالا اور پاسو کے درمیان راستوں پر بھی خصوصی نگرانی کی جا رہی ہے۔

شگر روڈ، اسکردو روڈ، دیوسائی روڈ اور قراقرم ہائی وے پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اسی طرح ناران روڈ اور جگلوٹ۔اسکردو روڈ بھی ممکنہ طور پر متاثر ہونے والی اہم شاہراہوں میں شامل ہیں۔

این ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور عوام کو صورتحال پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

editor

Related Articles