عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے باعث توانائی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت میں ایک اعشاریہ پندرہ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 94.15 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔
اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت میں بھی ایک اعشاریہ 6فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 91.50 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق آج کے تجارتی سیشن میں خام تیل کی قیمتوں میں مجموعی طور پر پانچ فیصد تک اضافہ دیکھا گیا ہے، جو عالمی طلب اور رسد کے خدشات کے باعث ہوا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ چند دنوں میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی تھی، جب برینٹ خام تیل کی قیمت میں تقریباً 2 اعشاریہ70 فیصد کمی ہوئی تھی اور یہ 95.17ڈالر فی بیرل تک آ گئی تھی۔
اسی دوران امریکی ویسٹ ٹیکساس کی قیمت بھی دو اعشاریہ ساٹھ فیصد کمی کے بعد ترانوے اعشاریہ50 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھی،اس سے پہلے عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ بھی دیکھا گیا تھا، جب امریکی خام تیل کی قیمت7.93 فیصد بڑھ کر93 ڈالر 81 سینٹس فی بیرل تک پہنچ گئی تھی۔
ماہرین کے مطابق عالمی توانائی مارکیٹ میں یہ اتار چڑھاؤ مستقبل میں بھی جاری رہ سکتا ہے، جس کا اثر عالمی معیشت اور تیل درآمد کرنے والے ممالک پر پڑ سکتا ہے۔