ماں کی یاد میں اداکار نے اگا دیا لاکھوں درختوں کا جنگل

ماں کی یاد میں اداکار نے اگا دیا لاکھوں درختوں کا جنگل

بالی وڈ کے معروف اداکار سایا جی شنڈے نے اپنی والدہ سے محبت کو ماحول دوستی کے ایک منفرد مشن میں تبدیل کرتے ہوئے مہاراشٹر بھر میں لاکھوں درخت لگانے کی مہم شروع کر رکھی ہے، جسے اب ایک عوامی تحریک کی شکل حاصل ہو چکی ہے۔

فلموں شول، سرکار راج اورسنجو میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والے سایا جی شنڈے گزشتہ کئی برسوں سے شجرکاری اور ماحولیات کے تحفظ کے لیے سرگرم ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے اپنی والدہ کی یاد کو زندہ رکھنے کے لیے ان کے وزن کے برابر بیج بونے کا فیصلہ کیا تھا، جو بعد ازاں ایک بڑے منصوبے میں تبدیل ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں :اداکارہ ایشا رکھی نے بادشاہ سے شادی کی تصدیق کردی

اداکار کا کہنا ہے کہ وہ اپنی والدہ کی محبت کو درختوں، پھولوں اور سرسبز جنگلات کی صورت میں ہمیشہ زندہ رکھنا چاہتے تھے۔ اسی سوچ کے تحت انہوں نے سہیا دری دیورائی کے نام سے شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔

میڈیارپورٹس کے مطابق سایا جی شنڈے نے ابتدا میں اپنے ذاتی وسائل سے ہزاروں پودے خرید کر مختلف علاقوں میں لگائے، جبکہ وقت کے ساتھ مقامی آبادی بھی اس مہم کا حصہ بنتی گئی۔ دیہات کے رہائشی، طلبہ اور خواتین بڑی تعداد میں درختوں کی دیکھ بھال میں شریک ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں:فلمی دنیا سے سیاست تک، وجے کے فیصلے نے رام چرن کو بھی متاثر کر دیا

سایا جی شنڈے نے درختوں کے تحفظ کے لیے ایک اور منفرد اقدام کے تحت سیکڑوں پرانے برگد کے درختوں کو کاٹنے کے بجائے دوسری جگہ منتقل کروایا۔ ان کا مؤقف ہے کہ ایک درخت بے شمار پرندوں، حشرات اور دیگر جانداروں کا مسکن ہوتا ہے، اس لیے اس کا تحفظ ضروری ہے۔

سایا جی شنڈے کا کہنا ہے کہ لوگ انہیں اداکار کے طور پر جانتے ہیں، لیکن ان کے نزدیک اصل ہیرو وہ درخت ہیں جو انسانوں اور فطرت دونوں کو زندگی فراہم کرتے ہیں۔

editor

Related Articles