بھارتی پنجاب کی معروف اداکارہ اور ماڈل ایشا رکھی نے بالآخر ریپر اور گلوکار بادشاہ کے ساتھ اپنی شادی کی تصدیق کر دی، جس کے بعد کئی ماہ سے جاری قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہوگیا۔
ایشا رکھی نے انسٹاگرام پر منعقدہ ’’آسک می اینی تھنگ‘‘ سیشن کے دوران مداحوں کے مختلف سوالات کے جواب دیے۔ اس موقع پر جب ان سے ذاتی زندگی اور بادشاہ کے ساتھ تعلق کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے واضح الفاظ میں کہا۔’’ہاں، میں شادی شدہ ہوں۔‘‘
اداکارہ نے مزید کہا کہ ان سے سب سے زیادہ یہ سوال کیا جاتا ہے کہ وہ اور بادشاہ ایک دوسرے کو سوشل میڈیا پر فالو کیوں نہیں کرتے۔ اس پر انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اس سوال کا جواب ان کے شوہر ہی بہتر دے سکتے ہیں۔
ایک اور مداح نے سوال کیا کہ شادی شدہ ہونے کے باوجود انہوں نے کبھی بادشاہ کے ساتھ تصویر کیوں شیئر نہیں کی۔ جواب میں ایشا رکھی نے پہلی بار گلوکار کے ساتھ اپنی تصویر بھی شیئر کردی۔
یاد رہے کہ مارچ 2026 میں ایشا رکھی کی والدہ پوم رکھی کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر اور ویڈیوز کے بعد دونوں کی شادی کی افواہیں گردش کرنے لگی تھیں۔ ان تصاویر میں شادی کی تقریبات کی جھلکیاں دیکھی گئی تھیں۔
ایشا رکھی نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز 2013 میں کیا تھا۔ بعد ازاں وہ پنجابی فلم ’’ہیپی گو لکی‘‘ میں نظر آئیں جبکہ 2018 میں فلم ’’نواب زادے‘‘ کے ذریعے بالی ووڈ میں قدم رکھا۔
دوسری جانب بادشاہ اس سے قبل جیسمین مسیح کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔ دونوں کے درمیان 2020 میں علیحدگی ہوگئی تھی۔ ان کی ایک بیٹی، جیسمی گریس مسیح سنگھ، بھی ہے۔