وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے کہا ہے کہ اپنی چھت اپنا گھرپروگرام کے تحت اب شہریوں کو گھر کی تعمیر کے ساتھ ساتھ مرمت اور چھت ڈالنے کے لیے بھی5سے10 لاکھ روپے تک کا قرض فراہم کیا جائے گا۔
پروگرام کے دائرہ کار میں توسیع
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومتِ پنجاب نے کم آمدنی والے اور بے گھر افراد کو ریلیف دینے کے لیے اس پروگرام کو مزید وسعت دے دی ہے،اب صرف نئے گھر ہی نہیں بلکہ خستہ حال مکانات کی مرمت بھی اس اسکیم کا حصہ ہوگی۔
اعلیٰ سطح اجلاس اور بریفنگ
وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کی زیر صدارت اجلاس میں سیکرٹری ہاؤسنگ، صدر بینک آف پنجاب اور ڈی جی پھاٹ نے شرکت کی اجلاس میں پروگرام کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
1 لاکھ 70 ہزار خاندان مستفید
بریفنگ کے مطابق اس اسکیم کے تحت اب تک ایک لاکھ 70ہزار خاندانوں کو بلاسود قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ آئندہ مالی سال میں مزید ایک لاکھ خاندانوں کو شامل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
کم آمدنی والے طبقے کے لیے ریلیف
یہ اسکیم بنیادی طور پر کم آمدنی والے، بے گھر اور خستہ حال مکانات میں رہنے والے افراد کے لیے ہے تاکہ انہیں بہتر رہائشی سہولیات میسرآسکیں۔
آن لائن درخواست کا نظام
بلال یاسین نے بتایا کہ شہری اب5 سے10 لاکھ روپے تک کا قرض ای پورٹل کے ذریعے حاصل کر سکیں گے، جس سے دفاتر کے چکر اور طویل انتظار کی ضرورت ختم ہو جائے گی اور درخواست کا عمل مکمل طور پر آن لائن ہوگا۔