آزاد جموں و کشمیر کے ضلع میرپور کی تحصیل ڈڈیال میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے احتجاج کو منتشر کرنے کے دوران امن و امان کی صورتحال ابتر ہو گئی جہاں مسلح افراد نے پولیس پر دھاوا بول دیا۔
ڈھڈیال امب چوک میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے تقریباً 200 تا 300 مظاہرین جمع ہوئے جہاں پولیس مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے موقع پر پہنچی، تاہم مظاہرین نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی ، اس صورتحال پر قابو پانے کے لیے پولیس نے ہوائی فائرنگ کی، لیکن مظاہرین کی جانب سے دوبارہ فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں آئی بی کے انسپکٹر عمر ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہو گئے۔
زخمی پولیس اہلکار کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال ڈڈیال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور صورتحال کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب، میرپور میں پرو پاکستان او ایس یو کی جانب سے ایک “امن مارچ” کا انعقاد کیا گیا، جس میں تقریباً 800 سے ایک ہزار افراد نے شرکت کی۔
شرکاء نے کالعدم ایکشن کمیٹی کی سرگرمیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے امن و استحکام کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔