ڈیڑھ لاکھ روپے ماہانہ کمانے کا شاندار موقع،کون کون اہل؟

ڈیڑھ لاکھ روپے ماہانہ کمانے کا شاندار موقع،کون کون اہل؟

حکومتِ پنجاب کے محکمہ خزانہ کے زیرِ اہتمام پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی نے ینگ پروفیشنلز پروگرام 2026 کے لیے درخواستیں طلب کر لی ہیں، جس کے تحت منتخب امیدواروں کو ایک سال تک ڈیڑھ لاکھ روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ پروگرام نئے گریجویٹس کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے عملی ماحول میں کام کرنے اور حقیقی منصوبوں پر تجربہ حاصل کرنے کا موقع فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

اس پروگرام میں منتخب ہونے والے نوجوان تجربہ کار ماہرین کے ساتھ براہِ راست پراجیکٹس پر کام کریں گے، جس سے ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور عملی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔

اہلیت کا معیار

اہلیت کے معیار کے مطابق درخواست دینے والے امیدوار کی عمر زیادہ سے زیادہ پچیس سال ہونی چاہیے، امیدوار کے پاس ایچ ای سی سے تسلیم شدہ یا کسی معروف غیر ملکی یونیورسٹی سے سولہ سالہ تعلیم کا ڈگری پروگرام مکمل ہونا ضروری ہے۔

تعلیمی ریکارڈ میں کم از کم تین اعشاریہ تین سی جی پی اے ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ صرف پاکستانی شہری ہی اس پروگرام کے لیے اہل ہوں گے۔

کن شعبوں کے گریجویٹس اہل قرار دیے گئے

پروگرام کے لیے جن شعبوں کے گریجویٹس اہل قرار دیے گئے ہیں ان میں فنانس، اکاؤنٹنگ، پروجیکٹ مینجمنٹ، بزنس ایڈمنسٹریشن، مصنوعی ذہانت، قانون، انجینئرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کمپیوٹر سائنس، مینجمنٹ انفارمیشن سسٹمز، ڈیٹا اینالیٹکس، معاشیات، میڈیا اسٹڈیز، پبلک پالیسی، سماجی علوم اور نیچرل سائنسز شامل ہیں۔

اس پروگرام کے لیے محدود تعداد میں صرف پندرہ ینگ پروفیشنلز کا انتخاب کیا جائے گا، تاہم ادارے کو ضرورت کے مطابق نشستوں کی تعداد میں ردوبدل کا اختیار حاصل ہوگا،شارٹ لسٹ امیدواروں کو ٹیسٹ اور انٹرویو کے لیے بلایا جائے گا، تاہم اس عمل کے لیے کوئی سفری یا روزمرہ اخراجات نہیں دیے جائیں گے۔

ایک تربیتی پروگرام

حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ ایک تربیتی پروگرام ہے اور اسے مستقل ملازمت یا کنٹریکٹ جاب کی ضمانت نہیں سمجھا جا سکتا۔ پروگرام میں شامل ہونے والے امیدواروں کو ایک سال کے دوران عملی تربیت فراہم کی جائے گی جس کا مقصد انہیں مستقبل کی مارکیٹ کے لیے تیار کرنا ہے۔

دلچسپی رکھنے والے امیدوار درخواستیں پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کی آفیشل ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کر کے مکمل دستاویزات کے ساتھ بائیس جولائی2026تک جمع کرا سکتے ہیں۔

editor

Related Articles