محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ6جولائی رات گئے سے 8 جولائی تک مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے جس سے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال اور بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں مسلسل ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جبکہ مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ بھی شمالی علاقوں پر اثر انداز ہوگا، جس کے باعث مون سون کی سرگرمیوں میں اضافہ متوقع ہے۔
پیش گوئی کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، سرگودھا، میانوالی، خوشاب اور پنجاب کے دیگر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ چند مقامات پر تیز یا موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
اسی طرح خیبر پختونخوا کے چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، مہمند، خیبر، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، کرک، بنوں، کوہاٹ، وزیرستان اور گرد و نواح میں بھی بارش اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے بیشتر اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔
محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے شمال مشرقی اضلاع، بالخصوص ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل، شیرانی اور قریبی علاقوں میں بھی بارش کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ سندھ کے بالائی اضلاع میں کہیں کہیں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ اور دیگر نشیبی شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ پیدا ہو سکتی ہے،اسی طرح پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہوں کی بندش کا خدشہ بھی موجود ہے۔
حکام نے ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں کے قریب جانے سے احتیاط برتیں، جبکہ موسمی صورتحال سے متعلق محکمہ موسمیات کی تازہ ترین ہدایات پر عمل کریں۔