پاکستان میں جیٹور T2 پلگ اِن ہائبرڈ ایس یو وی متعارف، قیمت ایک کروڑ 27 لاکھ 95 ہزار روپے مقرر

پاکستان میں جیٹور T2 پلگ اِن ہائبرڈ ایس یو وی متعارف، قیمت ایک کروڑ 27 لاکھ 95 ہزار روپے مقرر

یونائیٹڈ موٹرز نے پاکستانی آٹو مارکیٹ میں اپنی نئی جیٹور T2 پلگ اِن ہائبرڈ (PHEV) ایس یو وی متعارف کرا دی ہے، جس کی ایکس فیکٹری قیمت ایک کروڑ 27 لاکھ 95 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ گاڑی کی بکنگ 25 لاکھ روپے کے عوض شروع کر دی گئی ہے۔

کمپنی کے مطابق جیٹور T2 PHEV میں 1.5 لیٹر TGDI ٹربو چارجڈ انجن کے ساتھ 3 اسپیڈ ڈیڈیکیٹڈ ہائبرڈ ٹرانسمیشن (3DHT) اور فرنٹ وہیل ڈرائیو (FWD) سسٹم دیا گیا ہے،ہائبرڈ پاور ٹرین مجموعی طور پر 360 ہارس پاور اور 610 نیوٹن میٹر ٹارک فراہم کرتی ہے، جس سے گاڑی بہتر کارکردگی اور طاقت کا امتزاج پیش کرتی ہے۔

ایس یو وی میں 18.4 کلو واٹ آور لیتھیم آئرن فاسفیٹ (LiFePO₄) بیٹری نصب کی گئی ہے، جو NEDC معیار کے مطابق صرف بجلی پر 90 کلومیٹر تک سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، کمپنی کا کہنا ہے کہ ہائبرڈ موڈ میں مکمل چارج اور ایک بار ایندھن بھرنے کے بعد گاڑی 1,100 کلومیٹر تک سفر کر سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :طویل انتظا ر ختم،سوزوکی نے نئی گاڑی لانچ کردی

جیٹور T2 PHEV میں ڈی سی فاسٹ چارجنگ کی سہولت بھی موجود ہے، جس کے ذریعے بیٹری کو 30 فیصد سے 80 فیصد تک صرف 30 منٹ میں چارج کیا جا سکتا ہے، جبکہ یہ فیچر طویل سفر کرنے والے صارفین کے لیے خصوصی طور پر مفید قرار دیا جا رہا ہے۔

کمپنی نے گاڑی میں نارمل، اسپورٹ، اکانومی، سنو، ای وی (EV) اور ایچ ای وی (HEV) سمیت چھ مختلف ڈرائیونگ موڈز فراہم کیے ہیں تاکہ ڈرائیور مختلف موسمی اور سڑک کے حالات کے مطابق گاڑی کی کارکردگی کو بہتر انداز میں استعمال کر سکیں۔

حفاظتی سہولیات کے حوالے سے جیٹور T2 PHEV میں چھ ایئر بیگز معیاری طور پر شامل کیے گئے ہیں، جبکہ جدید ہائبرڈ ٹیکنالوجی، بہتر فیول افادیت اور طویل ڈرائیونگ رینج کے باعث کمپنی کو توقع ہے کہ یہ ایس یو وی پاکستان میں جدید اور ماحول دوست گاڑیوں کے خواہشمند صارفین کی توجہ حاصل کرے گی۔

editor

Related Articles