ارجنٹینا کے کپتان اور عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں شاندار کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا۔
مصر کے خلاف پری کوارٹر فائنل میں گول اسکور کرکے میسی نے 96 سال پرانا ریکارڈ برابر کر دیا اور ورلڈ کپ کی تاریخ میں منفرد اعزاز حاصل کرنے والے دوسرے فٹبالر بن گئے۔
مصر کے خلاف میچ میں کیے گئے گول کے ساتھ ہی میسی نے رواں ورلڈ کپ میں مسلسل پانچویں میچ میں گول کرنے کا کارنامہ انجام دیا، جبکہ 2022 کے ورلڈ کپ سے لے کر اب تک ورلڈ کپ کے مسلسل نو میچوں میں گول کرنے کا شاندار سلسلہ بھی برقرار رکھا۔
میسی نے اس گول کے ذریعے 1930 کے پہلے فیفا ورلڈ کپ میں ارجنٹینا کے لیجنڈری اسٹرائیکر گلیرمو اسٹابیل کا ایک ہی ورلڈ کپ میں آٹھ گول کرنے کا تاریخی ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اسٹابیل نے بھی 1930 کے عالمی کپ میں پانچ میچوں میں آٹھ گول کیے تھے جبکہ میسی نے بھی یہی سنگِ میل پانچ میچوں میں حاصل کیا۔
اس کے علاوہ مصر کے خلاف گول کے ساتھ میسی نے ورلڈ کپ کی تاریخ میں ان قومی ٹیموں کی تعداد میں بھی اضافہ کر دیا جن کے خلاف وہ گول کر چکے ہیں۔ اس طرح وہ عالمی کپ میں سب سے زیادہ مختلف ممالک کے خلاف گول کرنے والے فٹبالر بن گئے ہیں۔
رواں ٹورنامنٹ میں شاندار فارم میں موجود میسی اب تک آٹھ گول اسکور کر چکے ہیں جبکہ ورلڈ کپ میں ان کے مجموعی گولز کی تعداد 21 ہو گئی ہے جس کے ساتھ وہ عالمی کپ کی تاریخ کے کامیاب ترین گول اسکوررز میں اپنی برتری مزید مستحکم کر رہے ہیں۔
میسی کی شاندار کارکردگی کی بدولت ارجنٹینا نے مصر کو شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا جہاں دفاعی چیمپئن ٹیم اپنی ٹائٹل مہم کو مزید آگے بڑھانے کے لیے میدان میں اترے گی۔ مداحوں اور فٹبال ماہرین کی نظریں اب اس بات پر مرکوز ہیں کہ آیا میسی آئندہ میچوں میں مزید ریکارڈز اپنے نام کرتے ہیں یا نہیں۔