دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے اپنے عالمی کاروباری ڈھانچے میں تبدیلی کے تحت تقریباً 4800 ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ برطرفیاں اس کی مجموعی عالمی افرادی قوت کا تقریباً 2.1 فیصد بنتی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق مائیکروسافٹ کی جانب سے کی جانے والی حالیہ چھانٹیوں میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شعبوں میں گیمنگ ڈویژن ایکس باکس بھی شامل ہے۔ کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ اب تک ایکس باکس سے وابستہ تقریباً 1600 ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کیا جا چکا ہے جبکہ رواں سال مزید ملازمین کی برطرفیوں کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ ملازمتوں میں کمی کا فیصلہ ایکس باکس ڈویژن کی تنظیم نو اور کاروباری حکمت عملی کو بہتر بنانے کے منصوبے کا حصہ ہے۔ کمپنی گیمنگ شعبے میں اپنی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے اور اخراجات میں توازن پیدا کرنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔
ایکس باکس کی چیف ایگزیکٹو آشا شرما نے ملازمین کو بھیجے گئے پیغام میں کہا کہ موجودہ حالات میں مائیکروسافٹ کا کاروباری ماڈل مطلوبہ سطح پر نہیں ہے۔ ان کے مطابق کمپنی ایسے منافع پر کام کر رہی ہے جو گیمنگ انڈسٹری کی دیگر بڑی پلیٹ فارم اور پبلشنگ کمپنیوں کے مقابلے میں کئی گنا کم ہے۔
آشا شرما نے گیمنگ مارکیٹ کو درپیش مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہارڈویئر کے شعبے میں بحران، کنسولز کے پرزہ جات کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اور صارفین کے رویوں میں تبدیلی نے کاروبار کو متاثر کیا ہے۔
مائیکروسافٹ کی جانب سے کی جانے والی یہ برطرفیاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب کمپنی ایکس باکس کو صرف کنسول گیمنگ تک محدود رکھنے کے بجائے کلاؤڈ گیمنگ، گیم پاس سروس اور ڈیجیٹل گیمنگ کے شعبوں میں مزید توسیع دینے کی کوشش کر رہی ہے۔