بابر اعظم کو مشاورت اور رضامندی کے بعد قیادت سونپی گئی، سرفراز احمد

بابر اعظم کو مشاورت اور رضامندی کے بعد قیادت سونپی گئی، سرفراز احمد

پاکستان ریڈ بال کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد نے انکشاف کیا ہے کہ بابر اعظم کو قومی ٹیم کی قیادت مشاورت اور رضامندی کے بعد سونپی گئی ہے، امید ہے ان کی قیادت میں ٹیم بہتر نتائج دے گی۔

کراچی پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ قومی ٹیم کی کوشش ہوگی کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز بھی انتہائی اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ یہ دونوں سیریز آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں، اس لیے ٹیم ان میں اچھے نتائج حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

یہ بھی پڑھیں :بابر اعظم اور محمد رضوان کی کرکٹ میں تنزلی ، آئی سی سی کی نئی رینکنگ جاری

ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ نے بتایا کہ اسلام آباد میں شیڈول قومی تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی صلاحیتوں میں مزید بہتری لانے پر توجہ دی جائے گی، انہوں نے کہا کہ ٹیم کو اپنی غلطیوں اور کمزوریوں کا مکمل ادراک ہے اور انہیں دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

سرفراز احمد نے امید ظاہر کی کہ بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم زیادہ اتحاد، جذبے اور جوش کے ساتھ میدان میں اترے گی اور بہتر نتائج دینے میں کامیاب ہوگی،سابق کپتان نے میڈیا کے کردار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ماضی اور موجودہ صحافت میں بہت فرق آ چکا ہے، پہلے صحافی میدانوں میں آ کر کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی کارکردگی پر تنقید ہونی چاہیے، تاہم ذاتیات اور کردار کو نشانہ بنانا درست نہیں، سرفراز احمد نے زور دیا کہ صحافت کا محور کھیل اور کارکردگی ہونی چاہیے۔

editor

Related Articles