وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے تحت نئی اسکیم متعارف کرا دی ہے، جس کے ذریعے شہری اپنے گھروں کی تعمیر، مرمت اور توسیع کے لیے بلاسود قرض حاصل کر سکیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے بتایا کہ نئی اسکیم کے تحت مستحق افراد 10 لاکھ روپے تک کا بلاسود قرض حاصل کر سکتے ہیں، جس کی ادائیگی 7، 8 یا 9 سال کی آسان اقساط میں کی جا سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ ایسے تمام افراد جن کے گھروں کی چھتیں یا دیواریں خستہ حال اور کمزور ہیں، وہ اس اسکیم کے لیے درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔
وزیراعلیٰ نے گزشتہ روز “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کا دائرہ کار مزید بڑھاتے ہوئے دو نئی کیٹیگریز متعارف کرانے کی منظوری بھی دی۔ یہ اقدام کاہنہ جیسے افسوسناک حادثات کی روک تھام اور خستہ حال گھروں کو محفوظ بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہونے والے جائزہ اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ کمزور چھتوں والے بوسیدہ گھروں کی مرمت اور مضبوطی کے لیے مستحق خاندانوں کو 5 لاکھ روپے تک کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی، جبکہ اپنے گھر پر اضافی منزل تعمیر کرنے کے لیے 10 لاکھ روپے تک کا بلاسود قرض آسان اقساط پر دیا جائے گا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے تحت اب تک ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد خاندانوں کے لیے بلاسود قرضوں کی منظوری دی جا چکی ہے، جبکہ ایک لاکھ 70 ہزار سے زائد خاندانوں کو قرض کی رقم جاری کی جا چکی ہے۔ اس منصوبے کے لیے مجموعی طور پر 217 ارب 80 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
بریفنگ کے مطابق پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں ایک لاکھ 34 ہزار سے زائد گھر مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ 27 ہزار 500 سے زائد گھر تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں۔ اس اسکیم میں اب تک 12 لاکھ 78 ہزار سے زائد خاندانوں نے درخواستیں جمع کرا رکھی ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب عوام کو محفوظ، پائیدار اور باوقار رہائش کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ایسے فلاحی منصوبوں کا دائرہ کار مزید وسیع کرے گی۔