پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (پی ایم ایس اے) نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اورماڑہ کے قریب کھلے سمندر میں ڈوبنے والی کارگو کشتی کے تمام 20 پاکستانی عملے کو بحفاظت ریسکیو کر لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق “الحمد ان یعقوب” نامی کارگو کشتی اورماڑہ سے تقریباً 32 ناٹیکل میل جنوب میں حادثے کا شکار ہو کر ڈوب گئی، جس کے بعد فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع مشترکہ میری ٹائم انفارمیشن سینٹر کو موصول ہونے پر پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس حنین، سی کنگ ہیلی کاپٹر اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے ڈیفنڈر جہاز نے مشترکہ طور پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔
ترجمان کے مطابق بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں کشتی میں سوار تمام 20 پاکستانی افراد کو بحفاظت سمندر سے نکال لیا گیا، جنہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاک بحریہ اور پی ایم ایس اے کا دوسرا کامیاب ریسکیو آپریشن ہے، جو سمندری حدود میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے دونوں اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، فوری ردعمل اور مؤثر تعاون کا مظہر ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی ملکی سمندری حدود میں انسانی جانوں کے تحفظ اور ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔