قومی ڈیٹا بیس و رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کی سہولت کے لیے فیملی کمپوزیشن (خاندانی شجرہ) کے نام سے ایک نئی مفت سہولت متعارف کرا دی ہے جس کے ذریعے صارفین اپنے خاندان میں رجسٹرڈ تمام افراد کی تفصیلات باآسانی حاصل کر سکیں گے۔
نادرا کے مطابق یہ سہولت پاک آئی ڈی (Pak ID) موبائل ایپ میں فراہم کی گئی ہے جس کا مقصد خاندانی ریکارڈ کی درستی یقینی بنانا اور شہریوں کو اپنے فیملی ڈیٹا تک آسان رسائی دینا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس فیچر سے فائدہ اٹھانے کے لیے شہری پہلے پاک آئی ڈی ایپ میں لاگ اِن کریں پھر فیملی کمپوزیشن کے آپشن پر کلک کریں۔ اس کے بعد نادرا کے ریکارڈ میں درج خاندان کے تمام افراد کی فہرست اسکرین پر ظاہر ہو جائے گی۔
اگر فہرست میں کسی ایسے شخص کا نام شامل ہو جو خاندان کا حصہ نہیں ہے تو صارف رپورٹ انٹروڈر کے آپشن پر کلک کرکے فوری طور پر نادرا کو آگاہ کر سکتا ہے جس کے بعد متعلقہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال اور ضروری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ وقتاً فوقتاً اپنے خاندانی ریکارڈ کا جائزہ لیتے رہیں تاکہ کسی بھی غلط اندراج یا غیر متعلقہ فرد کی بروقت نشاندہی کی جا سکے اور ریکارڈ ہمیشہ درست اور اپ ڈیٹ رہے۔
نادرا حکام کے مطابق یہ نئی سہولت نہ صرف خاندانی معلومات کی تصدیق کو آسان بنائے گی بلکہ شناختی ریکارڈ کے نظام کو مزید شفاف اور محفوظ بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔
مزید معلومات یا رہنمائی کے لیے شہری نادرا کی ہیلپ لائن 1777 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔