بھارتی صنعت کار مکیش امبانی کی صاحبزادی ایشا امبانی نے پیرس ہاؤٹ کاؤچر ویک میں اپنی دلکش شرکت سے سب کی توجہ حاصل کرلی، تاہم ان کے لباس سے زیادہ ان کے ہاتھ میں موجود نایاب ہرمیس برکن سیک بیژو نے فیشن کی دنیا میں دھوم مچا دی۔
رپورٹس کے مطابق ہیروں سے مزین اس برکن بیگ کی مالیت تقریباً 20 لاکھ امریکی ڈالر (56 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث اسے دنیا کے مہنگے ترین ہینڈ بیگز میں شمار کیا جاتا ہے۔
ایشا امبانی معروف بھارتی فیشن ڈیزائنر راہول مشرا کے رن وے شو میں شریک ہوئیں، جہاں ان کے ساتھ موجود قیمتی بیگ نے حاضرین اور فیشن ماہرین کی خصوصی توجہ حاصل کی۔
لگژری ری سیل پلیٹ فارم پریوے پورٹر اور نیلام گھرسوتھبیز کے مطابق یہ بیگ عام استعمال کے لیے نہیں بلکہ ہاؤٹ جیولری کلیکشن کا حصہ ہے، جسے قیمتی زیور اور ہینڈ بیگ کا منفرد امتزاج قرار دیا جاتا ہے۔
یہ شاہکار فرانسیسی لگژری برانڈ ہرمیس کے لیے معروف ڈیزائنر پیئر ہارڈی نے تیار کیا۔ بیگ 18 قیراط سفید سونے سے بنایا گیا ہے، جس پر ہاتھ سے 3 ہزار 25 ہیرے جڑے گئے ہیں، جن کا مجموعی وزن 111 قیراط سے زیادہ ہے۔
انتہائی چھوٹے سائز کے اس بیگ کو سفید سونے میں مگرمچھ کی کھال جیسا ڈیزائن دیا گیا ہے، جو اسے مزید منفرد بناتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق یہ نایاب بیگ دراصل ایشا امبانی کی والدہ نیتا امبانی کی ملکیت ہے۔
اگرچہ قیمتی برکن بیگ نے سب کی توجہ سمیٹ لی، لیکن ایشا امبانی کا گرے رنگ کا خوبصورت گاؤن بھی خوب سراہا گیا۔ لباس میں دل کی شکل کی نیک لائن، کارسیٹ طرز کا ڈیزائن، نفیس موتیوں اور سیکوئنز کا کام، جبکہ کندھوں پر میچنگ شال نے ان کے انداز کو مزید نمایاں کیا۔
انہوں نے اپنے انداز کو مکمل کرنے کے لیے معروف جیولری ڈیزائنر لورین شوارٹز کے قیمتی زیورات بھی زیب تن کیے، جن میں 30 قیراط کے کشن کٹ ہیرے کا نیکلس، ناشپاتی نما ہیرے کی بالیاں اور 7 قیراط کی اوول کٹ ڈائمنڈ رنگ شامل تھی۔
امبانی خاندان اپنی شاہانہ طرزِ زندگی، قیمتی زیورات اور لگژری کلیکشن کے باعث دنیا بھر میں معروف ہے، تاہم اس بار پیرس ہاؤٹ کاؤچر ویک میں ایشا امبانی کا نایاب ڈائمنڈ برکن بیگ سب سے زیادہ موضوعِ گفتگو بن گیا۔