پنجاب حکومت نے بیواؤں کے لیے تاحیات پنشن کی سہولت بحال کرتے ہوئے سابقہ 10 سالہ پابندی ختم کر دی ہے۔
نئے فیصلے کے تحت سرکاری ملازمین کی وفات کے بعد ان کی بیوہ اور غیر شادی شدہ بیٹیاں اب عمر بھر پنشن حاصل کر سکیں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں اس فیصلے کی منظوری دی گئی، جس کے بعد محکمہ خزانہ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔
نظرثانی شدہ پالیسی کے مطابق اگر کسی سرکاری ملازم کی ایک سے زیادہ بیویاں ہوں گی تو پنشن تمام بیواؤں میں برابر تقسیم کی جائے گی۔تاہم حکومت نے واضح کیا ہے کہ اگر کوئی بیوہ دوبارہ شادی کر لے تو اس کی پنشن فوری طور پر بند کر دی جائے گی۔
واضح رہے کہ سابقہ قانون کے تحت سرکاری ملازم کی وفات کے بعد بیوہ کو صرف 10 سال تک پنشن دی جاتی تھی، تاہم نئی پالیسی کے ذریعے اس شرط کو ختم کرتے ہوئے دوبارہ تاحیات پنشن کا نظام بحال کر دیا گیا ہے۔