سندھ میں دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز تیز کرنے کا فیصلہ

سندھ میں دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز تیز کرنے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں دہشت گردی، جرائم اور امن و امان سے متعلق موجودہ صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔

وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں صوبائی وزراء، سول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران، پاک فوج، رینجرز، پولیس، انٹیلیجنس اداروں اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران صوبے میں امن و امان کی صورتحال، ممکنہ خطرات، دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں اور سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

شرکاء کو سندھ کے موجودہ سیکیورٹی منظرنامے، دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیوں، جرائم پیشہ گروہوں کے سدباب اور صوبے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں :کرک اور کوہاٹ پولیس کا مشترکہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن، 4 دہشتگرد ہلاک

اجلاس میں اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ سیکیورٹی ادارے باہمی رابطوں اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، شرکاء نے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور صوبے میں محفوظ ماحول کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دہشت گردوں، جرائم پیشہ عناصر اور ان کے معاونین کے خلاف انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیوں کو مزید مؤثر اور تیز کیا جائے گا،اس کے ساتھ ساتھ تمام متعلقہ اداروں کے درمیان رابطوں، بروقت معلومات کے تبادلے اور مشترکہ حکمت عملی کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے جاری اقدامات کو مزید بہتر بنایا جائے اور عوام کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے،انہوں نے کہا کہ تمام ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام جاری رکھیں تاکہ دہشت گردی، جرائم اور ریاست مخالف سرگرمیوں کا مؤثر انداز میں خاتمہ کیا جا سکے۔

editor

Related Articles