خیبرپختونخوا کے ضلع کرک کے علاقے خٹک ڈیم کے قریب کرک اور کوہاٹ پولیس نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈی پی او کرک عمران چترالی کے مطابق کرک اور کوہاٹ پولیس نے مشترکہ طور خٹک ڈیم، کرک کوہاٹ بارڈر کے علاقے میں ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی جس پر پولیس نے مؤثر جوابی کارروائی کی۔
شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں کمانڈر زاہد گروپ کے 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ دہشت گرد گروپ ایس ایچ او تھانہ بانڈہ عمر نواز ضلع کرک اور انسپکٹر طاہرنواز ضلع کوہاٹ سال 2025 اور ڈی ایس پی اسد محمود، سب انسپکٹر انار گل سال 2026 و دیگر پولیس افسران و جوانان کی شہادت میں ملوث ہیں۔
ڈی پی او کرک کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کی شناخت اور ان کے مجرمانہ ریکارڈ کے بارے میں مزید تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او کرک اور ایس پی صدر کوہاٹ احسان شاہ موقع پر پہنچ گئے اور سرچ آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔
کرک پولیس نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ علاقے میں پائیدار امن کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک شرپسند عناصر کے خلاف ایسی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔