چین ایک بار پھر شدید موسمی بحران کی زد میں آگیا،ٹرینیں ، پروازیں معطل

چین ایک بار پھر شدید موسمی بحران کی زد میں آگیا،ٹرینیں ، پروازیں معطل

چین ایک بار پھر شدید موسمی بحران کی زد میں آگیا ہے، جہاں طاقتور سمندری طوفان باوی نے ساحلی علاقوں میں لینڈ فال کرلیا ہے طوفان کے باعث لاکھوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ کئی علاقوں میں ہنگامی اقدامات نافذ کیے گئے ہیں۔

میڈیارپورٹس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران چین سے ٹکرانے والا یہ دوسرا بڑا سمندری طوفان ہے، جس نے مشرقی ساحلی شہر تائی ژو میں پہلی بار لینڈ فال کیا، بعد ازاں رات گئے وین ژو کے قریب دوبارہ ساحل سے ٹکرایا۔

ایک ہزار کلومیٹر تک پھیلا طوفان، بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ

چینی حکام کے مطابق طوفان باوی کا پھیلاؤ تقریباً ایک ہزار کلومیٹر تک ہے، جسے رقبے کے اعتبار سے فرانس کے برابر قرار دیا جا رہا ہے،اگرچہ طوفان کی شدت کم ہو کر کیٹیگری ون رہ گئی ہے، تاہم اس کے ساتھ موجود شدید نمی کے باعث موسلا دھار بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرار ہے۔

17 لاکھ سے زائد افراد کا انخلا

چینی حکام نے مشرقی صوبے ژی جیانگ اور شمال مشرقی فوجیان میں غیر معمولی بارشوں کے خدشے کے پیش نظر بڑے پیمانے پر حفاظتی اقدامات کیے ہیں، میڈیا رپورٹس کے مطابق صرف ژی جیانگ صوبے میں 17 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

پروازیں اور ٹرین سروسز معطل

طوفان کے باعث کئی علاقوں میں اسکول، دفاتر اور بیرونی سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں، جبکہ 400 سے زائد پروازیں اور درجنوں ٹرین سروسز بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔

جاپان اور فلپائن بھی متاثر

طوفان باوی نے جاپان کے دور دراز جزائر کو بھی متاثر کیا، جہاں شدید ہواؤں کے باعث ہزاروں افراد بجلی سے محروم ہوگئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے،دوسری جانب فلپائن میں اسی طوفان کے نتیجے میں ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ سے کم از کم 17 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

مزید بارشوں کا امکان، شہریوں کو احتیاط کی ہدایت

ماہرین موسمیات کے مطابق چین کے ساحلی علاقوں میں آئندہ گھنٹوں کے دوران شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے،حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ طوفان کے ممکنہ نقصانات کو کم کیا جا سکے۔

editor

Related Articles