وینزویلا میں 24 جون 2026 کو آنے والے دو طاقتور زلزلوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 4 ہزار 333 ہوگئی جبکہ 17ہزار افراد تاحال بے گھر ، بے یارومددگار ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق وینزویلا کی قومی اسمبلی کے صدر جارج روڈریگز نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 24 جون کو آنے والے زلزلوں کے بعد امدادی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔
انھوں نے مزید بتایا کہ اب تک 315 لاشوں کی شناخت نہیں ہوسکی، زخمیوں کی تعداد 16 ہزار 470 ہے جبکہ 6 ہزار 462 افراد کو ملبے سے زندہ نکالا گیا۔ 17 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوگئے۔
جارج روڈریگز نے اعلان کیا کہ حکومت آئندہ ہفتے سے بے گھر ہونے والے خاندانوں کو مستقل رہائش فراہم کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد شروع کرے گی ، متاثرین کو رہائش، خوراک اور طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
شدید زلزلوں نے متعدد رہائشی عمارتوں، سڑکوں، پلوں اور عوامی تنصیبات کو نقصان پہنچایا ہے جبکہ کئی علاقوں میں مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوا۔ امدادی کارکن اب بھی ملبے میں دبے ممکنہ متاثرین کی تلاش میں مصروف ہیں۔
حکام کے مطابق دارالحکومت کے شمال میں واقع ساحلی شہر لا گوائیرا سب سے زیادہ متاثر ہوا، یہ ملک کی دو بڑی بندرگاہوں میں سے ایک اور ملک کا سب سے بڑا ہوائی اڈہ بھی یہاں واقع ہے۔
زلزلے سے شدید متاثر ہونے والے دیگر علاقوں میں میرانڈا، اراگوا، کارابوبو اور فالکون ریاستیں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ زلزلے کے یہ جھٹکے حالیہ برسوں میں وینزویلا کی تاریخ کی بدترین قدرتی آفات میں شمار کیے جا رہے ہیں جن کے معاشی اور انسانی اثرات طویل عرصے تک محسوس کیے جانے کا خدشہ ہے۔
خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب وییزویلا کے دارالحکومت کو کسی بڑے زلزلے کا سامنا کرنا پڑا ہو، 1967 کے دوران کاراکس میں 6.6 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں 200 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔