پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، اٹک، مری، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، ساہیوال، اوکاڑہ، پاکپتن، قصور، بہاولنگر، بہاولپور، رحیم یار خان، ملتان، خانیوال، وہاڑی، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، لیہ اور بھکر میں بارش کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
صوبائی کنٹرول روم اور تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز 24 گھنٹے فعال رہیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔
پی ڈی ایم اے نے ریسکیو 1122، واسا اور دیگر امدادی اداروں کو عملے اور مشینری سمیت مکمل تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نشیبی علاقوں اور چوکنگ پوائنٹس سے بارش کا پانی فوری نکالا جائے تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ادارے نے شہریوں کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کی ہے، پی ڈی ایم اے کے مطابق شہری بجلی کے کھمبوں، لٹکتی تاروں، کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہیں۔
بچوں کو جمع شدہ بارش کے پانی کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی، جس میں سب سے زیادہ 51 ملی میٹر بارش نارووال میں ہوئی۔
راولپنڈی کے علاقے گوالمنڈی میں 36 ملی میٹر، نیو کٹاریاں میں 35 ملی میٹر، شمس آباد میں 23 ملی میٹر، کچہری میں 21 ملی میٹر اور پیرودھائی میں 19 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اس کے علاوہ گجرات میں 28 ملی میٹر، سیالکوٹ میں 24 ملی میٹر، مری اور اٹک میں 19، 19 ملی میٹر، چکوال میں 4 ملی میٹر، لاہور میں 3 ملی میٹر جبکہ منڈی بہاؤالدین میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسمی صورتحال سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔