بیرونِ ملک روزگار کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے حکومت نے ایک اہم اور جدید سہولت متعارف کرا دی ہے۔ بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے امیگریشن کے نظام کو مزید آسان، تیز اور شفاف بنانے کے لیے آن لائن پروٹیکٹر (e-Protector) سسٹم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے
اب نئےنظام کے ذریعے اب بیرونِ ملک ملازمت کے لیے جانے والے افراد اپنی رجسٹریشن گھر بیٹھے موبائل فون یا کمپیوٹر کے ذریعے مکمل کر سکیں گے۔
حکام کے مطابق نئے ڈیجیٹل نظام کا مقصد امیگریشن کے روایتی اور وقت طلب طریقہ کار کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے تاکہ شہریوں کو دفاتر کے چکر لگانے طویل انتظار اور غیر ضروری اخراجات سے نجات مل سکے۔
ماضی میں بیرونِ ملک ملازمت کے لیے جانے والے افراد خصوصاً دور دراز علاقوں کے رہائشیوں کو پروٹیکٹر رجسٹریشن کے لیے متعلقہ دفاتر کا سفر کرنا پڑتا تھا جہاں انہیں مختلف مراحل سے گزرنے کے علاوہ وقت اور پیسے دونوں خرچ کرنا پڑتے تھے۔ نئے e-Protector سسٹم کے نفاذ کے بعد یہ تمام مراحل آن لائن مکمل کیے جا سکیں گے۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق یہ نظام امیگریشن آرڈیننس 1979 اور متعلقہ قوانین کے مطابق تیار کیا گیا ہے تاکہ تمام قانونی تقاضے پورے ہونے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو محفوظ، جدید اور باوقار ڈیجیٹل سہولت فراہم کی جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ درخواست گزار اپنے موبائل فون، لیپ ٹاپ یا کمپیوٹر کے ذریعے مطلوبہ معلومات درج کرکے ضروری دستاویزات اپ لوڈ کر کے اور مقررہ فیس ادا کرنے کے بعد رجسٹریشن کا عمل مکمل کر سکیں گے جس کے بعد انہیں پروٹیکٹر آفس جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
ماہرین کے مطابق اس ڈیجیٹل نظام سے نہ صرف شہریوں کا وقت اور اخراجات کم ہوں گے بلکہ امیگریشن کے پورے عمل میں شفافیت، رفتار اور مؤثر نگرانی بھی ممکن ہو سکے گی۔ تمام ریکارڈ ڈیجیٹل صورت میں محفوظ ہونے سے بیرونِ ملک جانے والے پاکستانیوں کا مستند ڈیٹا دستیاب رہے گا جس سے حکومتی اداروں کو پالیسی سازی اوورسیز پاکستانیوں کی معاونت اور قانونی تحفظ فراہم کرنے میں بھی آسانی ہوگی۔
حکومت کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل گورننس کے فروغ کے تحت متعارف کرایا گیا e-Protector سسٹم عوام دوست اصلاحات کی جانب ایک اہم قدم ہے جس سے ہر سال روزگار کے لیے بیرونِ ملک جانے والے لاکھوں پاکستانی مستفید ہوں گے اور امیگریشن کا عمل پہلے کے مقابلے میں زیادہ تیز، محفوظ اور مؤثر بن جائے گا۔