پاکستان میں امریکی ویزا کے حصول کے لیے طویل عرصے سے انتظار کرنے والے شہریوں کے لیے خوش آئند پیش رفت سامنے آئی ہے۔ امریکی سفارت خانے نے اعلان کیا ہے کہ لاہور اور کراچی میں قائم امریکی قونصل خانے رواں ماہ سے اپنی باقاعدہ قونصلر سرگرمیاں اور ویزا پروسیسنگ دوبارہ شروع کر رہے ہیں، جو گزشتہ چار ماہ سے معطل تھیں۔
اعلامیے کے مطابق دونوں قونصل خانوں میں 20 جولائی سے وزٹر (سیاحتی)، اسٹوڈنٹ (تعلیمی) اور بزنس ویزا سمیت تمام نان امیگرنٹ ویزا درخواستوں کی پروسیسنگ دوبارہ شروع کر دی جائے گی۔ اس کے علاوہ پاکستان میں مقیم امریکی شہریوں کے لیے معمول کی قونصلر خدمات بھی بحال کر دی جائیں گی۔
امریکی سفارت خانے کے مطابق مارچ میں ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں اور سیکیورٹی خدشات کے باعث کراچی اور لاہور کے قونصل خانوں سے غیر ضروری عملہ واپس بلا لیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں ویزا اور قونصلر آپریشنز عارضی طور پر معطل کر دیے گئے تھے۔ اس صورتحال کے باعث ہزاروں پاکستانی درخواست گزاروں کو ویزا انٹرویوز اور اپوائنٹمنٹس کے حصول میں طویل تاخیر اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
سفارت خانے نے یہ بھی یاد دہانی کرائی کہ مئی میں پشاور میں قائم امریکی قونصل خانے کے آپریشنز کو مرحلہ وار ختم کرنے اور اس کی خدمات اسلام آباد میں موجود امریکی سفارت خانے منتقل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
لاہور اور کراچی میں قونصلر خدمات کی بحالی سے ہزاروں پاکستانیوں کو ریلیف ملنے کی توقع ہے، جبکہ حکام کے مطابق اس اقدام سے امریکی ویزا آپریشنز کی مکمل بحالی کی راہ ہموار ہوگی اور ویزا اپوائنٹمنٹس کے حصول کا عمل بھی بتدریج معمول پر آ جائے گا۔