متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے روٹی کی قیمت 16 روپے سے بڑھا کر 25 روپے مقرر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں تندور بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نان روٹی ایسوسی ایشن کے اجلاس میں صدر آفتاب اسلم گل نے کہا کہ موجودہ قیمت پر روٹی فروخت کرنا ممکن نہیں رہا، اس لیے ضلعی انتظامیہ فوری طور پر سادہ روٹی کی نئی قیمت 25 روپے مقرر کرے۔
انہوں نے کہا کہ روٹی کی قیمت میں 9 روپے اضافہ ناگزیر ہو چکا ہے کیونکہ گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث تندور مالکان کو مہنگی ایل پی جی استعمال کرنا پڑ رہی ہے، جبکہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں اور دیگر ادارے بھی تندور مالکان کو مشکلات کا سامنا کرا رہے ہیں۔
آفتاب اسلم گل کا کہنا تھا کہ اگر گیس کی فراہمی بہتر کر دی جائے، آٹے کی قیمت کم کی جائے اور مناسب وزن کے آٹے کے تھیلے دستیاب کیے جائیں تو روٹی کم قیمت پر بھی فروخت کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں 10 اور 20 کلو آٹے کے تھیلے دستیاب تھے، تاہم اب 15 کلو کا تھیلا فروخت کیا جا رہا ہے جس سے تندور مالکان کے اخراجات میں اضافہ ہوا ہے۔
نان روٹی ایسوسی ایشن نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے مطالبات پر توجہ نہ دی تو تندور مالکان احتجاجاً اپنے تندور بند کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔