وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ ایک عالمی مطالعے کے مطابق پاکستان میں پیٹرول کی قیمتیں بنگلادیش، سری لنکا اور ترکیہ کے مقابلے میں کم ہیں۔
وزیر پیٹرولیم کی زیر صدارت وزیراعظم کی قائم کردہ پیٹرولیم قیمتوں کے تعین سے متعلق کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں عالمی مارکیٹ کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے سفارش کی کہ اوگرا روزانہ کی بنیاد پر پلیٹس قیمتوں کا ڈیٹا اپنی ویب سائٹ پر جاری کرے تاکہ عوام کو قیمتوں کے تعین کے معیار اور طریقہ کار سے آگاہی حاصل ہو سکے۔
اجلاس میں پیٹرولیم پرائس اسٹیبلائزیشن فنڈ کو شفاف اور غیر صوابدیدی نظام کے تحت چلانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ تیل کی سپلائی چین کو ڈیجیٹلائز کرنے اور نظام میں شفافیت بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی دوبارہ بندش کے خدشات کے باعث عالمی توانائی مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ کے پی ایم جی اسٹڈی کے مطابق پاکستان میں پیٹرول کی قیمتیں خطے کے بعض ممالک کے مقابلے میں کم ہیں۔
وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ مقامی ڈیزل کی پیداوار بڑھانے اور درآمدی ڈیزل پر انحصار کم کرنے کے لیے ترامیم تجویز کی گئی ہیں، جس سے پاکستان کی توانائی سلامتی مزید مضبوط ہوگی،انہوں نے بتایا کہ پیٹرولیم پرائسنگ کمیٹی کا آئندہ اجلاس حتمی ہوگا، جس کے بعد سفارشات وزیراعظم کو بھجوائی جائیں گی۔