امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے خلاف ناکہ بندی دوبارہ نافذ کرنے کے اعلان کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 4 فیصد سے زائد بڑھ گئی، جس کے بعد برطانوی خام تیل (برینٹ) کی قیمت تقریباً 79 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی خام تیل (ڈبلیو ٹی آئی) 74 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا۔
ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ ایران کے خلاف ناکہ بندی دوبارہ بحال کی جا رہی ہے اور اس پر عملدرآمد کے لیے انتظامی اقدامات فوری شروع کیے جائیں گے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کھلی ہے اور کھلی رہے گی، جبکہ امریکا کو اب آبنائے ہرمز کا محافظ کہا جائے گا، انہوں نے مزید کہا کہ عالمی کارگو کی ترسیل پر امریکا کو 20 فیصد شرح سے معاوضہ ادا کیا جائے گا۔
ایران اور آبنائے ہرمز سے متعلق کسی بھی کشیدگی کا براہ راست اثر عالمی توانائی مارکیٹ پر پڑتا ہے کیونکہ یہ خطہ تیل کی عالمی سپلائی کے لیے انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے۔