فٹبال کی تاریخ میں کچھ نام ایسے ہیں جو صرف ٹرافیوں کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنے غیرمعمولی کارناموں کی وجہ سے ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔ فرانس کے سابق اسٹرائیکر جسٹ فونٹین بھی انہی کھلاڑیوں میں شامل ہیں، جنہوں نے 1958 کے ورلڈ کپ میں ایسا ریکارڈ قائم کیا جو آج تک کوئی کھلاڑی نہیں توڑ سکا۔
ایک ورلڈ کپ، 13 گول اور ناقابلِ شکست ریکارڈ
جسٹ فونٹین نے ایک ہی ورلڈ کپ میں 13 گول کرنے کا ناقابلِ یقین اعزاز حاصل کیا، لیکن اس تاریخی ریکارڈ کے پیچھے ایک ایسی کہانی چھپی ہے جو کسی فلمی داستان سے کم نہیں۔ حیران کن بات یہ ہے کہ جب وہ تاریخ رقم کرنے میدان میں اترے تو ان کے پاؤں میں اپنے نہیں بلکہ ایک ساتھی کھلاڑی کے ادھار لیے ہوئے جوتے تھے۔
حادثاتی شمولیت نے بدل دی فٹبال کی تاریخ
1958 کے ورلڈ کپ میں فونٹین کا کھیلنا بھی یقینی نہیں تھا۔ فرانس کی ٹیم میں ان کی شمولیت ایک ساتھی کھلاڑی کے زخمی ہونے کے بعد ممکن ہوئی۔ اچانک موقع ملنے کے باعث وہ مکمل تیاری کے بغیر ٹورنامنٹ میں پہنچے اور پہلے میچ کے لیے انہیں دوسرے کھلاڑی سے جوتے مانگنے پڑے۔
پہلے میچ سے شروع ہوئی گولز کی بارش
یہی کھلاڑی بعد میں ورلڈ کپ کے سب سے خطرناک گول اسکورر ثابت ہوئے۔ فرانس کے پہلے میچ میں پیراگوئے کے خلاف انہوں نے ہیٹ ٹرک کی اور پھر گول کرنے کا ایسا سلسلہ شروع کیا جو پورے ٹورنامنٹ میں جاری رہا۔
فونٹین نے 1958 کے ورلڈ کپ میں ہر بڑے مقابلے میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ سیمی فائنل میں فرانس برازیل سے ہار گیا، لیکن تیسری پوزیشن کے میچ میں انہوں نے مغربی جرمنی کے خلاف چار گول کر کے اپنے ٹورنامنٹ کے گولز کی تعداد 13 تک پہنچا دی۔
ریکارڈ بنا مگر گولڈن بوٹ ٹرافی نہ مل سکی
دلچسپ امر یہ ہے کہ اس وقت سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کے لیے گولڈن بوٹ ایوارڈ موجود نہیں تھا۔ چنانچہ فونٹین کو اس اعزاز کے بجائے ایک سویڈش اخبار کی جانب سے بہترین نشانہ باز کی علامت کے طور پر ایئر رائفل تحفے میں دی گئی،بعد کے برسوں میں فیفا نے بھی ان کے تاریخی کارنامے کو تسلیم کیا اور 2014 میں انہیں پلاٹینم بوٹ سے نوازا گیا۔
چوٹ نے طویل کیریئر کا موقع چھین لیا
فونٹین کا کیریئر بدقسمتی سے زیادہ طویل نہ ہو سکا۔ 1960 میں ٹانگ کی شدید چوٹ نے ان کے کھیل کو متاثر کیا اور صرف 28 برس کی عمر میں انہیں فٹبال سے کنارہ کشی اختیار کرنا پڑی۔
میسی اور ایمباپے بھی ریکارڈ نہ توڑ سکے
اگرچہ آج کے دور میں میسی، ایمباپے اور دیگر بڑے نام ورلڈ کپ ریکارڈز کے قریب پہنچے، لیکن جسٹ فونٹین کا ایک ورلڈ کپ میں 13 گول کا ریکارڈ اب بھی فٹبال کی تاریخ کا سب سے بلند مقام ہے۔
ایک کھلاڑی جس کے پاس اپنے جوتے بھی نہیں تھے، اس نے اپنے نام ایسا ریکارڈ کر دیا جو دنیا کے مہنگے ترین بوٹ پہننے والے کھلاڑی بھی آج تک نہیں توڑ سکے۔