انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مینز ون ڈے ورلڈ کپ اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فارمیٹس میں بڑی تبدیلیوں کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت آئندہ عالمی مقابلوں میں ٹیموں کی تعداد مرحلے اور کوالیفکیشن کے طریقہ کار میں نمایاں تبدیلیاں کی جائیں گی۔
آئی سی سی کے مطابق 14 ٹیموں پر مشتمل مینز کرکٹ ورلڈ کپ اب نئے تین مرحلوں پر مبنی فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا، نئے نظام کے مطابق ٹورنامنٹ کے آغاز میں گروپ مرحلہ ہوگا، جس کے بعد بہترین کارکردگی دکھانے والی ٹیمیں سپر 7 مرحلے میں جگہ بنائیں گی۔
سپر 7 مرحلے کے بعد ٹاپ چار ٹیمیں سیمی فائنل کھیلیں گی
نئے ون ڈے ورلڈ کپ فارمیٹ کے تحت گروپ مرحلے کے اختتام پر 7 بہترین ٹیمیں سپر 7 مرحلے میں شامل ہوں گی، جہاں سیمی فائنل کی دوڑ مزید سخت ہو جائے گی،سپر 7 مرحلے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل کی ٹاپ چار ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی، جس کے بعد ٹورنامنٹ کا فیصلہ کن مرحلہ شروع ہوگا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی تبدیلی، سپر 8 کی جگہ سپر 10 متعارف
آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فارمیٹ میں بھی اہم تبدیلی کی منظوری دے دی ہے، 20 ٹیموں پر مشتمل عالمی ایونٹ میں گروپ مرحلے کے بعد اب 8 کے بجائے 10 ٹیمیں دوسرے مرحلے یعنی سپر 10 میں پہنچیں گی۔
نئے فارمیٹ کے مطابق ہر گروپ سے دو ٹیمیں سپر 10 مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی، جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیموں کے درمیان ایلیمنیٹر میچز کھیلے جائیں گے۔
ایلیمنیٹر مرحلے کی فاتح ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔ آئی سی سی کے مطابق نئے نظام کا مقصد ٹورنامنٹ کے آخری مرحلے تک مقابلوں کی سنسنی اور دلچسپی برقرار رکھنا ہے۔
ایسوسی ایٹ ممالک کے لیے 16 ٹیموں پر مشتمل نئے ٹورنامنٹ کی تجویز
آئی سی سی نے ایسوسی ایٹ ممالک کے لیے بھی 16 ٹیموں پر مشتمل نئے بین الاقوامی ٹورنامنٹ کی تجویز پیش کی ہے،یہ ایونٹ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل کھیلا جائے گا، جس کا مقصد ایسوسی ایٹ ممالک کی ٹیموں کو اعلیٰ معیار کا عالمی پلیٹ فارم فراہم کرنا اور انہیں بڑی ٹیموں کے خلاف کھیلنے کے مزید مواقع دینا ہے۔
2028 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ نظام کی منظوری
آئی سی سی نے 2028 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ نظام کی بھی منظوری دے دی ہے،نئے نظام کے تحت مختلف ریجنز سے ٹیمیں گلوبل کوالیفائر مرحلے تک رسائی حاصل کریں گی، جہاں بہترین کارکردگی دکھانے والی ٹیمیں 2028 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کا حق حاصل کریں گی۔
اسکاٹ لینڈ کو خصوصی رعایت، نئے ٹورنامنٹ کی حتمی منظوری نومبر میں متوقع
آئی سی سی کے نئے نظام کے تحت اسکاٹ لینڈ کو 2028 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ مرحلے میں خصوصی رعایت دی گئی ہے،آئی سی سی کے مطابق ایسوسی ایٹ ممالک کے لیے نئے بین الاقوامی ٹورنامنٹ کی حتمی منظوری نومبر میں ہونے والے آئی سی سی بورڈ اجلاس میں متوقع ہے۔