عمرہ نظام میں بڑی تبدیلیاں، نئے رولز کا نوٹیفکیشن جاری

عمرہ نظام میں بڑی تبدیلیاں، نئے رولز کا نوٹیفکیشن جاری

عمرہ نظام میں اصلاحات کے تحت نئے عمرہ رولز کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے بعد صرف وزارت مذہبی امور سے تصدیق شدہ کمپنیاں ہی عمرہ خدمات فراہم کر سکیں گی۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق حج و عمرہ ایکٹ 2024 کے تحت عمرہ انتظامات اب وزارت مذہبی امور کے دائرہ اختیار میں آگئے ہیں۔ نئی پالیسی کے تحت عمرہ آپریٹرز کی نگرانی اور زائرین کے حقوق کے تحفظ کے لیے باقاعدہ نظام وضع کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ نئی عمرہ پالیسی کی تیاری کے لیے عمرہ پالیسی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جس کی سربراہی وزارت مذہبی امور کے ایڈیشنل سیکرٹری کریں گے۔ کمیٹی میں وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، وزارت قانون اور کابینہ ڈویژن کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق تصدیق شدہ عمرہ کمپنیوں کی فہرست وزارت کی ویب سائٹ پر جاری کی جائے گی، جبکہ زائرین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف منظور شدہ عمرہ آپریٹرز کے ذریعے بکنگ کروائیں۔

یہ بھی پڑھیں: حج کیلئے آن لائن رجسٹریشن ، تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کرگئی

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ کمپنیوں کے ذریعے بکنگ کی صورت میں ذمہ داری متعلقہ افراد پر عائد ہوگی، جبکہ وزارت صرف تصدیق شدہ عمرہ کمپنیوں کے خلاف موصول ہونے والی شکایات کا ازالہ کرے گی۔

وزارت مذہبی امور نے عمرہ پیکیجز کی ادائیگی بینکنگ چینل کے ذریعے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے زائرین کو تاکید کی ہے کہ وہ ادائیگی کی رسید، معاہدہ اور تمام متعلقہ دستاویزات محفوظ رکھیں۔

حکام کے مطابق نئے عمرہ رولز کا مقصد عمرہ نظام میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانا، زائرین کے حقوق کا تحفظ کرنا اور غیر قانونی و غیر رجسٹرڈ عمرہ آپریٹرز کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔

Related Articles