عوام ہو جائیں تیار، پیٹرول پمپوں پر پیٹرول کی سپلائی اچانک محدود کر دی گئی

عوام ہو جائیں تیار، پیٹرول پمپوں پر پیٹرول کی سپلائی اچانک محدود کر دی گئی

ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی سے متعلق تشویش میں اضافہ ہو گیا ہے جہاں پیٹرولیم ڈیلرز نے دعویٰ کیا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے پیٹرول پمپوں کو تیل کی سپلائی محدود کر دی گئی ہے جس کے باعث کئی علاقوں میں سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن سینٹرل پنجاب کے صدر چوہدری نعمان مجید نے اپنے بیان میں کہا کہ شہر میں آج طلب کے مقابلے میں صرف 50 فیصد پیٹرول اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات فراہم کی گئیں جس کی وجہ سے متعدد پمپوں کو معمول سے کم سپلائی ملی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے سپلائی محدود کر دی ہے جس کے اثرات ملک کے مختلف علاقوں میں نمایاں ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

ان کے مطابق محدود سپلائی کے باعث دیہی علاقوں کے تقریباً 90 فیصد جبکہ شہری علاقوں کے 50 فیصد پیٹرول پمپ کسی نہ کسی حد تک متاثر ہوئے ہیں۔ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو آنے والے دنوں میں صارفین کو پیٹرول کی دستیابی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ہر لیٹر پیٹرول پر حکومت کی کتنی کمائی؟ حیران کن اعداد و شمار سامنے آگئے

دوسری جانب آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ درآمدی پیٹرولیم مصنوعات کی کسٹمز کلیئرنس میں تاخیر سپلائی متاثر ہونے کی ایک اہم وجہ ہے۔ کمپنیوں کا کہنا ہے کہ بندرگاہوں سے بروقت کلیئرنس نہ ہونے کے باعث تیل کی ترسیل کا نظام متاثر ہو رہا ہے۔

آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ سپلائی چین میں رکاوٹیں دور کی جا سکیں۔

کمپنیوں نے روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کے مجوزہ نظام پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طریقہ کار پر عمل درآمد نہ صرف کاروباری سرگرمیوں کے لیے مشکلات پیدا کرے گا بلکہ اس سے صارفین کو بھی کوئی حقیقی فائدہ نہیں ہوگا۔

editor

Related Articles