وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوامی فلاح و بہبود اور کم آمدنی والے خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اپنے مختلف سماجی اور معاشی منصوبوں کے تسلسل میں ایک اور منفرد فلاحی پروگرام سانجھی سبزی پورے پنجاب میں نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
اس منصوبے کا بنیادی مقصد غریب اور مستحق خاندانوں کو 100 فیصد مفت سبزیاں فراہم کرنا، سرکاری بنجر اراضی کو کارآمد بنانا اور مقامی سطح پر کمیونٹی شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔
لاہور میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ محمد عثمان طاہر جپہ نے وزیراعلیٰ کو منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے کی کامیابی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ سانجھی سبزی ماڈل کو پنجاب کے تمام اضلاع میں مرحلہ وار نافذ کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندان اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ مظفر گڑھ میں اس منصوبے کے تحت غیر استعمال شدہ سرکاری اور بنجر زمین کو قابلِ کاشت بنا کر کمیونٹی کچن گارڈنز قائم کیے گئے ہیں جہاں اگائی جانے والی موسمی اور معیاری سبزیاں ضرورت مند خاندانوں میں مفت تقسیم کی جا رہی ہیں۔
حکام کے مطابق اس وقت ضلع مظفر گڑھ میں 139 کنال رقبے پر مشتمل 140 مختلف پلاٹس پر سبزیوں کی کاشت جاری ہے۔ دیہی علاقوں میں ایک مرلہ سے ایک کنال تک سرکاری خالی زمین جبکہ شہری علاقوں میں اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر محکمہ صحت، لوکل گورنمنٹ اور تعلیمی اداروں کی غیر استعمال شدہ اراضی کو اس مقصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
منصوبے کی ایک منفرد خصوصیت یہ بھی ہے کہ اس کا آغاز مظفر گڑھ کے ایک مسیحی گاؤں سے کیا گیا جہاں مقامی افراد رضاکارانہ طور پر اپنے علاقے کے مستحق خاندانوں کے لیے سبزیاں کاشت کر رہے ہیں، جس سے سماجی ہم آہنگی اور باہمی تعاون کو بھی فروغ ملا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت کا مقصد صرف امداد فراہم کرنا نہیں بلکہ ایسے پائیدار ماڈلز متعارف کرانا ہے جن سے عام آدمی کو براہِ راست فائدہ پہنچے، غذائی تحفظ بہتر ہو اور معاشرے میں احساسِ ذمہ داری پیدا ہو۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اس سے قبل بھی عوامی فلاح کے لیے متعدد بڑے منصوبے شروع کر چکی ہے جن میں اپنی چھت اپنا گھر پروگرام، آسان کاروبار فنانس اسکیم کسان کارڈ گرین ٹریکٹر پروگرام بلاسود قرضوں کی مختلف اسکیمیں طلبہ کے لیے لیپ ٹاپ الیکٹرک بائیکس ہونہار اسکالرشپس اور حال ہی میں پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ اسکیم شامل ہیں۔ اب سانجھی سبزی منصوبہ بھی اسی سلسلے کی ایک نئی کڑی ہے جس کا مقصد ضرورت مند طبقے کو براہِ راست ریلیف فراہم کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ نے منصوبے کی کامیاب تکمیل پر ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ محمد عثمان طاہر جپہ کو وزیراعلیٰ میرٹ بیج اور ایک لاکھ روپے نقد انعام بھی دیا اور ہدایت کی کہ دیگر اضلاع کی انتظامیہ بھی اس ماڈل سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے علاقوں میں ایسے منصوبے شروع کرے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ منصوبے کے صوبہ بھر میں پھیلنے سے ہزاروں مستحق خاندانوں کو مفت سبزیاں میسر آئیں گی غذائی اخراجات میں کمی آئے گی اور غیر استعمال شدہ سرکاری اراضی کو عوامی مفاد میں استعمال کیا جا سکے گا۔