حکومت کا بڑا فیصلہ، نیشنل سیونگز کی مختلف اسکیموں پر منافع میں کمی

حکومت کا بڑا فیصلہ، نیشنل سیونگز کی مختلف اسکیموں پر منافع میں کمی

وفاقی حکومت نے قومی بچت (نیشنل سیونگز) اسکیموں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے لیے منافع کی شرح میں کمی کا اعلان کر دیا ہے وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق مختلف سیونگز اسکیموں پر منافع کی نئی شرحیں نافذ کر دی گئی ہیں جس کے بعد لاکھوں سرمایہ کاروں پنشنرز بزرگ شہریوں اور شہداء کے لواحقین کو ملنے والے منافع میں کمی آئے گی۔

اعلامیے کے مطابق بہبود سیونگز سرٹیفکیٹ اور پینشنرز بینیفٹ اکاؤنٹ پر سالانہ منافع کی شرح کم کرکے 12.96 فیصد مقرر کر دی گئی ہے۔ ان اسکیموں سے ملک بھر میں بڑی تعداد میں ریٹائرڈ ملازمین بزرگ شہری بیوائیں اور خصوصی کیٹیگری کے سرمایہ کار مستفید ہوتے ہیں اس لیے اس فیصلے کے براہِ راست اثرات ان طبقات پر پڑنے کا امکان ہے۔

حکومت نے ریگولر انکم سرٹیفکیٹ (Regular Income Certificate) پر بھی ماہانہ منافع کی شرح کم کرتے ہوئے 11.52 فیصد مقرر کر دی ہے۔ نئی شرح کے تحت اب ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پر سرمایہ کار کو ماہانہ 960 روپے منافع حاصل ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:مری کی سیر اب پہلے سے کہیں سستی، حکومت نے بڑا ریلیف دے دیا

اعلامیے کے مطابق سپیشل سیونگز سرٹیفکیٹ کی منافع کی شرح بھی تبدیل کر دی گئی ہے۔ نئی پالیسی کے تحت ابتدائی چھ ماہ کے لیے سالانہ منافع 11.20 فیصد جبکہ آخری چھ ماہ کے لیے 12.60 فیصد مقرر کیا گیا ہے جس کا اطلاق نئی سرمایہ کاری اور متعلقہ قواعد کے مطابق ہوگا۔

اسی طرح شہداء فیملی ویلفیئر اکاؤنٹ پر بھی سالانہ منافع کی شرح کم کرکے 12.96 فیصد مقرر کر دی گئی ہے یہ اسکیم شہداء کے اہلِ خانہ کو مالی معاونت فراہم کرنے کے مقصد سے متعارف کرائی گئی تھی۔

شرحِ منافع میں یہ کمی حکومت کی مجموعی مالیاتی پالیسی شرحِ سود میں تبدیلی اور مہنگائی کے رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس اقدام سے حکومت کے قرض لینے کی لاگت میں کمی آسکتی ہے تاہم قومی بچت اسکیموں پر انحصار کرنے والے لاکھوں سرمایہ کاروں کی آمدنی بھی متاثر ہوگی خصوصاً وہ افراد جو اپنی ماہانہ ضروریات پوری کرنے کے لیے ان اسکیموں کے منافع پر انحصار کرتے ہیں۔

 سرمایہ کاروں کو نئی شرحوں کے مطابق اپنی سرمایہ کاری کی حکمت عملی کا ازسرنو جائزہ لینا چاہیے جبکہ حکومت سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ بزرگ شہریوں، پنشنرز اور کم آمدنی والے سرمایہ کاروں کے مفادات کے تحفظ کے لیے مناسب اقدامات بھی کرے گی۔

editor

Related Articles