کرسٹوفر نولان کی اجرک ٹائی نے سندھ کی ثقافت کو عالمی توجہ دلا دی

کرسٹوفر نولان کی اجرک ٹائی نے سندھ کی ثقافت کو عالمی توجہ دلا دی

ہالی وڈ کے معروف ہدایت کار کرسٹوفر نولان اپنی نئی فلم ’’دی اوڈیسی‘‘ کے نیویارک پریمیئر میں منفرد انداز کے باعث سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئے۔

نولان نے روایتی سیاہ سوٹ کے ساتھ سندھ کی تاریخی دستکاری اجرک کے نقش و نگار سے مزین خصوصی ریشمی ٹائی پہن رکھی تھی، جس نے نہ صرف مداحوں بلکہ فیشن ماہرین کی بھی توجہ حاصل کر لی۔

یہ بھی پڑھیں:ندا یاسر اور یاسر نواز نے بیٹی کی گریجویشن منفرد انداز میں منائی

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ خصوصی ٹائی پارسنز اسکول آف ڈیزائن کے طالب علم آہان ٹنڈن نے ڈیزائن کی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ چند روز قبل کرسٹوفر نولان اپنی فلم کی تشہیری مہم کے سلسلے میں بھارت بھی گئے تھے، جہاں فلم کے مرکزی اداکار میٹ ڈیمن اور ٹام ہالینڈ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ بعد ازاں نیویارک پریمیئر میں ان کی اجرک سے مزین ٹائی سوشل میڈیا پر گفتگو کا موضوع بن گئی۔

پاکستانی فیشن رائٹر ماہ رخ نے بھی انسٹاگرام پر نولان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں لکھا، ’’کرسٹوفر نولان بھائی جان، بڑا مزہ آ گیا، کیا یہ اجرک ٹائی ہے؟‘‘ ان کی پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر اجرک کی تاریخ، ثقافتی اہمیت اور عالمی شناخت پر بھی وسیع پیمانے پر گفتگو شروع ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں:نعمان اعجاز نے مداحوں کو جعلی فیس بک اکاؤنٹ سے خبردار کر دیا

ماہرین کے مطابق اجرک سندھ کی ہزاروں سال پرانی تہذیبی شناخت کی علامت ہے اور برصغیر کی قدیم ترین بلاک پرنٹنگ روایات میں شمار ہوتی ہے۔ اس کی تیاری مکمل طور پر ہاتھ سے کی جاتی ہے، جس میں قدرتی رنگوں، لکڑی کے بلاکس اور متعدد مراحل سے گزر کر منفرد ڈیزائن تیار کیے جاتے ہیں۔

فیشن ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں تیزی سے مقبول ہونے والے ’’کوائٹ لگژری‘‘ رجحان میں روایتی دستکاری، اعلیٰ معیار اور ثقافتی ورثے کو نمایاں اہمیت دی جا رہی ہے، جبکہ کرسٹوفر نولان کی اجرک ٹائی بھی اسی سوچ کی عکاسی کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ٹام ہالینڈ کے پیغام کا ارلنگ ہالینڈ نے دیر سے مگر دلچسپ جواب دے دیا

دوسری جانب نولان کی نئی فلم ’’’دی اوڈیسی‘‘ یونانی شاعر ہومر کی مشہور رزمیہ داستان پر مبنی ہے، جس میں میٹ ڈیمن، ٹام ہالینڈ، این ہیتھاوے، زینڈایا، رابرٹ پیٹنسن، لوپیتا نیونگو اور چارلیز تھیرون سمیت کئی معروف ہالی وڈ اداکار شامل ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ نولان کی جانب سے اجرک سے مزین ٹائی پہننا سندھ کی ثقافت اور دستکاری کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کا ایک خوبصورت اور خوش آئند لمحہ ہے۔

editor

Related Articles