وفاقی ملازمین کے لیے ٹائم اسکیل پالیسی کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں حکومت نے گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کے لیے ٹائم اسکیل کے طریقہ کار کو مزید آسان بنا دیا ہے۔
وزارت خزانہ نے ٹائم اسکیل سے متعلق موجود ابہام دور کرتے ہوئے نیا مؤقف جاری کر دیا ہے اور تمام وفاقی وزارتوں اور متعلقہ اداروں کو فیصلے پر عملدرآمد کی ہدایت کر دی ہے۔
نئے فیصلے کے مطابق ایسے اہل وفاقی ملازمین جنہوں نے 10 سالہ سروس مکمل کر لی ہے، ان کے لیے پہلے ٹائم اسکیل کے حصول کی راہ ہموار ہو گئی ہے، اس اقدام سے طویل عرصے سے ایک ہی عہدے پر خدمات انجام دینے والے ملازمین کو ترقی کے مواقع میسر آئیں گے۔
وزارت خزانہ کے مطابق بی پی ایس 16 میں ترقی پانے والے اسسٹنٹس بھی ٹائم اسکیل کے اہل قرار دیے گئے ہیں، جبکہ ایکس پاکستان لیو اور ہاف ایوریج پے پر موجود اہل ملازمین کو بھی ٹائم اسکیل کے دائرے میں شامل کیا گیا ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ آفس میمورنڈم میں واضح کیا گیا ہے کہ ٹائم اسکیل کی منظوری کے لیے متعلقہ اسکیل کمیٹی اور مجاز اتھارٹی کی منظوری لازمی ہوگی۔
ذرائع کے مطابق اس فیصلے کا مقصد وفاقی ملازمین کو سروس بینیفٹس فراہم کرنے کے نظام کو مزید واضح اور مؤثر بنانا ہے تاکہ اہل ملازمین کو مقررہ قواعد کے مطابق سہولت دی جا سکے۔
وزارت خزانہ کے نئے اقدام سے گریڈ 1 سے 16 تک کے ان ملازمین کو فائدہ پہنچنے کا امکان ہے جو طویل عرصے سے ترقی یا سروس بینیفٹس کے منتظر تھے۔