مفت علاج ،حکومت کا نیا پروگرام شروع

مفت علاج ،حکومت کا نیا پروگرام شروع

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے میں پنجاب ہیلتھ کنیکٹ پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد سرکاری ہسپتالوں میں عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنا اور ماہر ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کرنا ہے۔

پروگرام کے تحت پاکستانی نژاد اور غیر ملکی ماہر ڈاکٹرز اور سرجنز پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں اپنی مفت طبی خدمات فراہم کریں گے،ماہرین کی جانب سے مریضوں کا علاج کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی طبی عملے کو جدید طریقہ علاج، نئی طبی تکنیکوں اور جدید مہارتوں سے متعلق تربیت بھی دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبے کے سرکاری ہسپتالوں میں بین الاقوامی معیار کی صحت کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے، ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ہیلتھ سسٹم کو عالمی معیار کے مطابق بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ عام شہریوں کو معیاری علاج کی سہولت میسر آ سکے۔

یہ بھی پڑھیں :وزیراعظم ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کے تحت مفت ٹیسٹ اور علاج کا پائلٹ منصوبہ شروع

انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کنیکٹ پروگرام کے ذریعے سرکاری ہسپتالوں میں اسپیشلسٹ ڈاکٹروں کی کمی کو کم کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ جدید طبی تجربات اور عالمی سطح کی مہارتیں مقامی ڈاکٹرز اور طبی عملے تک منتقل ہوں گی۔

حکومت پنجاب کے مطابق اس پروگرام کے ذریعے مختلف شعبہ ہائے طب کے ماہرین سرکاری ہسپتالوں میں خدمات انجام دیں گے، جس سے پیچیدہ بیماریوں کے علاج، سرجری اور مریضوں کی دیکھ بھال کے معیار میں بہتری آنے کی توقع ہے۔

وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب میں صحت کے شعبے میں اصلاحات کا عمل جاری رہے گا اور شہریوں کو سرکاری اسپتالوں میں بہتر، جدید اور آسان طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

editor

Related Articles