بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے سوشل میڈیا پر اپنی صحت سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر بالآخر ردعمل دے دیا۔
اداکار نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی نئی بلیک اینڈ وائٹ تصاویر شیئر کیں، جن میں وہ ڈارک کیژول لباس اور کاؤ بوائے ہیٹ میں پُراعتماد انداز میں نظر آئے۔
سلمان خان نے تصاویر کے ساتھ مختصر مگر دلچسپ کیپشن لکھا، ’’آپ لوگوں کی طبیعت کیسی ہے؟‘‘ جسے مداحوں نے ان کی صحت سے متعلق افواہوں پر مزاحیہ جواب قرار دیا۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل سلمان خان ایک افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے تھے، جہاں ان کی بدلی ہوئی جسمانی ساخت اور کمزور دکھائی دینے والی شخصیت نے مداحوں کی توجہ حاصل کی تھی۔تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد متعدد صارفین نے ان کی صحت پر تشویش کا اظہار کیا، جبکہ مختلف قیاس آرائیاں بھی سامنے آئیں۔
تاہم سلمان خان کی تازہ انسٹاگرام پوسٹ کے بعد مداح اسے ان تمام افواہوں کا غیر رسمی جواب قرار دے رہے ہیں، جس میں اداکار نے اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں اپنی خیریت کا پیغام دیا۔