سام سنگ کا سرپرائز ، صارفین کے لیے بڑی خوشخبری

سام سنگ کا سرپرائز ، صارفین کے لیے بڑی خوشخبری

عالمی ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے مالیاتی خدمات کے شعبے میں ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے امریکا میں اپنا نیا گلیکسی کریڈٹ کارڈ متعارف کرا دیا ہے جس کے ذریعے صارفین مختلف اقسام کی خریداریوں پر کیش بیک اور دیگر خصوصی مراعات حاصل کر سکیں گے۔

کمپنی کے مطابق گلیکسی کریڈٹ کارڈ کے اجرا کے لیے ویزا اور بارکلیز یو ایس کنزیومر بینک کے ساتھ شراکت داری کی گئی ہے۔ یہ کارڈ صارفین کو دو صورتوں میں دستیاب ہوگا جن میں روایتی میٹل کریڈٹ کارڈ اور ورچوئل کارڈ شامل ہیں تاکہ صارفین اپنی سہولت کے مطابق کسی بھی آپشن کا انتخاب کر سکیں۔

 یہ بھی پڑھیں :سام سنگ کا مصنوعی ذہانت کی جانب بڑا قدم

سام سنگ نے اعلان کیا ہے کہ گلیکسی کریڈٹ کارڈ کے حصول کے لیے درخواستیں 22 جولائی سے آن لائن اور امریکا بھر میں قائم سام سنگ کے ریٹیل اسٹورز پر جمع کرائی جا سکیں گی۔

کمپنی نے نئے صارفین کے لیے خصوصی ویلکم آفر بھی متعارف کرائی ہے۔ اس کے تحت جو صارفین اکاؤنٹ کھولنے کے بعد پہلے 90 دنوں میں دو ہزار امریکی ڈالر کی خریداری کریں گے انہیں 200 امریکی ڈالر کا ویلکم بونس دیا جائے گا۔

سام سنگ کے مطابق گلیکسی کریڈٹ کارڈ استعمال کرنے والے صارفین کو مختلف خریداریوں پر پرکشش کیش بیک بھی حاصل ہوگا۔ سام سنگ کی مصنوعات خریدنے پر پانچ فیصد کیش بیک دیا جائے گا جبکہ سام سنگ والیٹ کے ذریعے ادائیگی کرنے پر تین فیصد کیش بیک ملے گا۔ اسی طرح منتخب اسٹریمنگ سروسز پر دو فیصد اور دیگر تمام اہل خریداریوں پر ایک فیصد کیش بیک فراہم کیا جائے گا۔

کمپنی نے کارڈ ہولڈرز کے لیے اضافی سہولتوں کا بھی اعلان کیا ہے۔ گلیکسی کارڈ رکھنے والے صارفین کو سام سنگ وی آئی پی ایڈوانٹج ممبرشپ کی خریداری یا تجدید پر 20 فیصد رعایت کے ساتھ پانچ فیصد کیش بیک بھی دیا جائے گا جس سے صارفین مزید مالی فوائد حاصل کر سکیں گے۔

 یہ بھی پڑھیں :گلیکسی صارفین ہو جائیں تیار، سام سنگ میسجز کا اختتام قریب

ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق سام سنگ کا یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایپل کو اپنا ایپل کارڈ متعارف کرائے سات سال سے زائد عرصہ گزر چکا ہے۔ اس نئی پیشکش کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ دونوں عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے درمیان مالیاتی خدمات اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے شعبے میں مقابلہ مزید شدت اختیار کر جائے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ گلیکسی کریڈٹ کارڈ کیش بیک، خصوصی رعایتوں اور ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت کے باعث سام سنگ کے صارفین کے لیے ایک پرکشش پیشکش ثابت ہو سکتا ہے جبکہ اس کے ذریعے کمپنی اپنے صارفین کو اپنی مصنوعات اور خدمات سے مزید وابستہ رکھنے کی حکمت عملی پر بھی عمل پیرا ہے۔

editor

Related Articles