رائیڈ ہیلنگ سروس یانگو رائیڈ ، جو عالمی ٹیکنالوجی کمپنی یانگو گروپ کا حصہ ہے، نے اپنے پلیٹ فارم پر ایک نیا سیفٹی فیچر متعارف کرا دیا ہے جس کے تحت مکمل پروفائل رکھنے والے مسافروں کو خصوصی کمپلیٹڈ پیسنجر پروفائل(Completed Passenger Profile) بیج دیا جائے گا۔
کمپنی کے مطابق یہ بیج اس وقت پارٹنر ڈرائیورز کو نظر آئے گا جب وہ کسی نئی رائیڈ کی درخواست موصول ہونے پر اسے قبول کرنے یا مسترد کرنے کا فیصلہ کر رہے ہوں گے۔ یانگو رائیڈ کا کہنا ہے کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ مسافروں کی پروفائل کی تکمیل کو اعتماد اور تحفظ کے ایک نمایاں اشارے کے طور پر ڈرائیورز کے ساتھ شیئر کیا جا رہا ہے۔
نئے فیچر کے تحت مسافر اپنی پروفائل مکمل کرنے کے لیے اپنا نام اور سیلفی فراہم کریں گے۔ تمام ضروری معلومات جمع کروانے کے بعد ان کے اکاؤنٹ پر ایک خصوصی بیج ظاہر ہوگا، جو ڈرائیورز کو یہ یقین دہانی فراہم کرے گا کہ مسافر نے اپنی شناخت سے متعلق مطلوبہ معلومات فراہم کر دی ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ اقدام رائیڈ ہیلنگ سروسز میں موجود ایک اہم مسئلے کو حل کرنے کی کوشش ہے، جہاں ڈرائیورز کے پاس کسی رائیڈ کو قبول کرنے کے وقت مسافر کے بارے میں محدود معلومات ہوتی ہیں۔ خاص طور پر رات کے اوقات یا غیر مانوس علاقوں میں سفر کے دوران یہ صورتحال بعض اوقات غیر یقینی کیفیت پیدا کر سکتی ہے۔
یانگو رائیڈ کے مطابق نیا بیج ڈرائیورز کو فوری طور پر یہ جاننے میں مدد دے گا کہ مسافر کی پروفائل مکمل اور تصدیق شدہ ہے، جس سے پلیٹ فارم پر اعتماد اور تحفظ کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔
کمپنی نے امید ظاہر کی ہے کہ اس فیچر سے نہ صرف ڈرائیورز کو زیادہ اعتماد کے ساتھ رائیڈز قبول کرنے میں مدد ملے گی بلکہ مسافروں اور ڈرائیورز دونوں کے لیے سفر کا مجموعی تجربہ بھی زیادہ محفوظ اور شفاف بنے گا۔